صوفی بزرگ سید سمن سرکارؒ کاعرس اور تقریبات شروع
پنگریو(نمائند ہ دنیا)سندھ کے معروف صوفی بزرگ سید سمن سرکار ؒ کے عرس کی تقریبات پنگریو کے قریب واقع ان کی درگاہ پر غیر معمولی پولیس سیکیورٹی میں شروع ہوگئی ہیں،اس ضمن میں ایس ایس پی بدین قمر رضا جسکانی کی ہدایات پر سیکیورٹی کے انتظامات انتہائی سخت کردیے گئے ہیں ۔
عرس اورمیلے کی تقریبات کاافتتاح ایڈ منسٹریٹراوقاف سندھ نوراحمدنے درگاہ پرچادرچڑھاکرکیا جبکہ اس موقع پر درگاہ کے سجادہ نشین سیدعلی بخش شاہ نے چیئرمین سیڈا قبول محمدکھٹیان اور پیپلزپارٹی کے رہنماارباب امیرامان اللہ،دریاخان مری، نصیرمحمدشاہ کے ہمراہ چادرچڑھائی اورفاتحہ خوانی کی ۔ میلے میں شرکت کے لیے زائرین اورعقیدت مندوں کی أٓ مدکاسلسلہ شروع ہوگیاہے اوروسیع پنڈال میں عارضی شہر أٓ بادہوگیاہے ۔ دوسری جانب ڈسٹرکٹ انٹیلی جنس برانچ کی جانب سے جاری کردہ سیکیورٹی پلان کے مطابق 509 پولیس افسران و جوان اور لیڈی اسٹاف کوتعینات کیا گیا ہے ۔میلے کے اندر اور اطراف سمیت اہم مقامات پر 38 پولیس پکٹس قائم کی گئی ہیں جہاں پر 24 گھنٹے پولیس افسران و جوان سیکیورٹی کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔ سید سمن سرکار ؒ کی مزار کے مین گیٹ پر واک تھرو گیٹس اور مزار کے اطراف میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں۔ ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے کیلئے ٹریفک پولیس افسر و جوان تعینات کیے گئے ہیں۔زائرین کی سہولیات کیلئے 2 مقامات پر گاڑیوں کی پارکنگ کے انتظامات کیے گئے ہیں، جہاں پر ٹریفک اور سیکیورٹی پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔درگاہ سمن سرکار سے ملنے والے مختلف روٹس پر 14 پولیس موبائلز گشت پر مامور ہیں۔مزار کے اطراف میں بلند مقامات پر تربیت یافتہ پولیس کمانڈوز تعینات کیے گئے ۔میلے کے اندر منی پولیس لائین قائم کی گئی ہے جہاں پر پولیس افسران و جوانوں کی ویلفیئر کیلئے معقول انتظامات کیے گئے ۔منی پولیس لائین میں بروقت انفارمیشن شیئرنگ اینڈ کلیکشن کیلئے وائرلیس کنٹرول روم قائم کیا گیا۔مزار اور اہم مقامات کی سوئیپنگ اور سرچنگ کیلئے بم ڈسپوزل اسکواڈ کا عملہ تعینات ہے میلے میں بھیڑ /رش والے مقامات پر مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھنے کیلئے سادہ لباس اہلکار تعینات کیے ہیں۔ضلعی انتظامیہ اور محکمہ اوقاف کی جانب سے زائرین کی سہولیات کیلئے میڈیکل ایڈ، فائر فائٹنگ اسکواڈ سمیت دیگر معقول انتظامات کیے گئے ہیں۔اس موقع پر ایس ایس پی بدین قمر رضا جسکانی نے سخت ہدایات جاری کی ہیں کہ سید سمن سرکار کے سالانہ عرس کے دوران آنے والے زائرین کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے اور امن و امان پر قابو پایا جائے ۔