حماس کی مزاحمت زندگی اور کامیابی ہے ،حافظ نعیم الرحمن

 حماس کی مزاحمت زندگی اور کامیابی ہے ،حافظ نعیم الرحمن

کراچی(اسٹاف رپورٹر) امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے ادارہ تعمیر ادب کے تحت ادارہ نورحق میں غزہ کے مزاحمت کاروں کے عنوان سے منعقدہ مشاعرہ سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کہاکہ۔۔۔

 حماس کی مزاحمت میں ہی زندگی اور کامیابی ہے ، ہم نوحہ پڑھنے کے بجائے مزاحمت کاروں کا حوصلہ بڑھائیں گے ،حماس کے مجاہدین کی مزاحمت آزادی کی تحریک کا آغاز ہے اور یہ تحریک مزاحمت کامیاب ہوگی اور فلسطین کی سرزمین اسرائیلیوں سے آزاد ہوگی۔ مشاعرے میں پروفیسر ڈاکٹر پیرزادہ قاسم ،انور شعور،تاج دار عادل، فراست رضوی ،شاہنواز فاروقی،اخترسعیدی ،ڈاکٹر اقبال پیرزادہ ،خلیل اللہ فاروقی ،اجمل سراج، اقبال خاور، ڈاکٹر فیاض وید،سلیم فوز،عبد الحکیم ناصف، اے ایچ خانزادہ، نجیب ایوبی ،عمران شمشاد،حجاز مہدی ،جوہر مہدی ،عبد ا لرحمن مومن ،مرزا عاصی اختر،نعیم الدین نعیم ،مختار شارق ،محب احمد ودیگرنے منظوم کلام پیش کیا۔معروف ادبی و سماجی شخصیت شکیل احمد خان نے نظامت کے فرائض انجام دیے ۔حافظ نعیم الرحمن نے مزیدکہاکہ 76سال سے اسرائیلی صیہونی افواج فلسطینیوں کو شہید کررہی ہیں اور لاتعدادفلسطینیوں کو قیدی بنایا ہوا ہے ،ان حالات میں عرب ممالک فلسطین کاساتھ دینے کے بجائے اسرائیل سے دوستی کی پینگیں بڑھا رہے ہیں ،عالم اسلام کے حکمران اسرائیل اور امریکہ کی ایماء پر اپنی قوم کو فتح کرنے میں لگ جائیں تو ایسی صورتحال میں حماس کے مجاہدین کی مزاحمت وقت کا تقاضہ ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں