واٹر کارپوریشن کی نااہلی،ضلع جنوبی میں سیوریج نظام درہم برہم

واٹر  کارپوریشن  کی  نااہلی،ضلع  جنوبی  میں  سیوریج  نظام  درہم برہم

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی سیوریج کارپوریشن کے عملے کی نااہلی و غفلت کے سبب پاکستان چوک پر سیوریج کا نظام درہم برہم ہوگیا ہے۔۔۔

 جی پی او آفس کے سامنے سڑک پر گٹرا کا پانی جمع ہونے کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے مکینوں کا کہنا ہے کہ سیوریج کے مسائل پر شکایات کے باوجود متعلقہ عملہ کوئی ایکشن نہیں لے رہا جبکہ بلدیاتی نمائندگان بھی آنکھیں بند کرکے بیٹھے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ضلع جنوبی کا اہم ترین علاقہ پاکستان چوک اس وقت بلدیاتی مسائل کا گڑھ بن گیا ہے لاکھوں مکینوں کو سب سے زیادہ پریشانی سیوریج نظام کے درہم برہم ہونے سے ہے پاکستان چوک پر بھولو کے اکھاڑے کے سامنے جی پی او آفس کے مرکزی گیٹ کے بالکل باہر تمام گٹر ابل چکے ہیں کئی کئی فٹ گٹر کا پانی جمع ہے جس کی وجہ سے لاکھوں مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے نمازیوں اور اسکول جانے والے طالب علموں کو روزانہ پریشانی ہورہی ہے پاکستان چوک کے مکینوں کے مطابق کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے عملے کو کئی بار سیوریج نظام کی خرابی اور گٹر کا پانی جمع ہونے کی شکایات کی ہیں لیکن متعلقہ حکام سیوریج نظام کی درستگی کیلئے کچھ کام نہیں کررہے ۔ مکینوں کا کہنا ہے کہ پاکستان چوک سے منتخب بلدیاتی نمائندگان بھی الیکشن کے وقت زور شور سے علاقے کے مسائل حل کروانے کے دعوے کررہے تھے لیکن اس وقت پاکستان چوک بلدیاتی مسائل کا گڑھ بن چکا ہے یہاں پر کوئی کام نہیں ہورہا علاقے کا سب سے بڑا مسئلہ سیوریج نظام کی خرابی کی ہے بلدیاتی نمائندگان آنکھیں بند کرکے بیٹھے ہیں ۔مکینوں کا کہنا ہے کہ جی پی او آفس کے سامنے جہاں گٹر کی لائنیں خراب ہیں کچھ ہی دوری پر صدر ٹائون کے چیئرمین کا آفس بھی ہے تاہم اس کے باوجود کوئی ان مسائل کو حل کروانے کیلئے سنجیدہ نہیں ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں