پانی چوروں کے خلاف 23 مقدمات درج ،64 ملزم نامزد

پانی چوروں کے خلاف 23 مقدمات درج ،64 ملزم نامزد

بدین (نمائندہ دنیا )نگراں وزیر آبپاشی سندھ ایشور لعل کی پانی چوروں کے خلاف بلاتفریق کارروائی کی ہدایت پر سختی سے عملدرآمد جاری ہے ۔ محکمہ آبپاشی سندھ نے مختلف مقامات پر پانی چوری کے 23 مقدمات درج کرواکر 64 ملزمان کو نامزد کردیا۔

تفصیلات کے مطابق اکرم واہ ڈویژن بدین میں 4 مقدمات میں 15 ملزمان، پھلیلی کینال ڈویژن بدین میں 5 مقدمات میں 8 ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے جبکہ 6 مقدمات میں نامزد 14 ملزمان کا تعلق گنی کینال ڈویژن ایس ایف راہو سے ہے ۔ اسی طرح اکرم واہ ڈویژن ٹنڈو محمد خان میں 3 مقدمات میں 10 ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے جبکہ پھلیلی کینال ڈویژن ٹنڈو محمد خان میں درج 5 مقدمات میں 17 ملزمان نامزد کیے گئے ہیں۔ مزید برآں محکمہ آبپاشی نے نگراں وزیر ایشور لعل کے فوری نوٹس پر سنھڑے واہ خیرپور میں پڑنے والے 30 فٹ چوڑے شگاف کو بھی فوری پر کیا اور روہڑی کینال پر نولکھئی مائنر سے خانواہ مائنر میں بھی پانی کی سپلائی فوری بحال کی گئی ہے ۔ نگراں وزیر آبپاشی نے کہا کہ پانی چوری و پانی کی غیر قانونی بندش کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی،ٹیل کے آبادگاروں کو بلا تفریق پانی کی ہر ممکن سپلائی کے اقدامات کررہے ہیں اور ہماری کوشش ہے کہ کسی کاشتکار کے ساتھ کسی قسم کی کوئی زیادتی نہ ہو۔ دریں اثناء نگراں وزیر آبپاشی سندھ نے چیف انجینئر مسعود احمد کی والدہ کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا ہے ۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں