گلستان جوہر ، قبضہ مافیا کی شہری کے مکان پر قبضے کی کوشش
کراچی (این این آئی )گلستان جوہر میں قبضہ مافیا نے جعلی کاغذات کے ذریعے شہری کے مکان پر قبضہ کرنے کی کوششیں شروع کردیں ۔پولیس کی ملی بھگت سے مکان مالک کے خلاف ہی ایف آئی آر کااندراج کروادیا گیا ۔
اقبال شیخ نے اعلیٰ حکام سے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے قبضہ مافیا کے خلاف کارروائی کی اپیل کی ہے ۔تفصیلات کے مطابق آرکیٹکٹ اینڈ انجینئرنگ کوآپریٹو ہاؤسنگ کے مکان نمبر B-65بلاک 9گلستان جوہر کے رہائشی شیخ اقبال نے انکشاف کیا ہے کہ علاقے میں موجود قبضہ مافیا کے کارندے جعلسازی سے ان کے مکان پر قبضہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ اس حوالے سے اخباری اشتہار کے ذریعے عوام کو متنبہ بھی کیا گیا تھا کہ وہ جعلی کاغذات پر اس مکان کی خریدوفروخت سے باز رہیں کیونکہ یہ ان کی ملکیت ہے ۔شیخ اقبال نے بتایا کہ ملزمان نے انہیں نجی بینک کے دو پے آرڈر بھی بذریعہ واٹس ایپ ارسال کیے کہ انہوں نے مجھے اس مکان کی پیمنٹ کی ہے جبکہ ایسی کوئی پیمنٹ میرے اکاؤنٹ میں آئی ہی نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملزمان نے مکان کے آدھے حصے پر قبضہ کرلیا ہے اور پولیس کی ملی بھگت سے گھر کے ایک حصے میں دیوار قائم کردی ہے ۔ انہوں نے نگراں وزیراعلی سندھ جسٹس (ر)مقبول باقر اورپولیس افسران سے اپیل کی کہ مجھے تحفظ فراہم کرتے ہوئے معاملے فوری نوٹس لیا جائے ۔