ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ، دوافراد زخمی

  ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ، دوافراد زخمی

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی کے مختلف علاقوں میں دوران ڈکیتی مزاحمت ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق جبکہ دو زخمی ہوگئے ۔

 کورنگی نمبر ڈھائی چنیوٹ اسپتال کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزمان نے دوران ڈکیتی مزاحمت فائرنگ کرکے شہری کو شدید زخمی کردیا اور فرار ہوگئے زخمی شہری کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دوران علاج دم توڑ گیا۔مقتول کی شناخت 28 سالہ عرفان مسیح ولد الیاس کے نام سے ہوئی۔پولیس کے مطابق جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی گئی ہے ۔نارتھ ناظم آباد بلاک کے فاروق اعظم مسجد کے قریب فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا پولیس کے مطابق 50 سالہ راجہ شفقت ولد راجہ اسلم فاروق اعظم مسجد کے قریب کھڑا تھا کہ موٹر سائیکل سوار دو ملزمان نے اس سے لوٹ مار کی کوشش کی تاہم مزاحمت کرنے پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کرکے شہری کو زخمی کیا اور موقع سے فرار ہوگئے ۔ناگن چورنگی کے قریب پل پر بھی دوران ڈکیتی مزاحمت ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 22 سالہ عبدالوسع ولد عرفان زخمی ہوگیا۔پولیس نے بتایا کہ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے عباسی شہید ہسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ فائرنگ کرنے والے ملزمان کی تلاش جاری ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں