پی پی ،ایم کیوایم،ن لیگ کھوٹے سکے نکلے ،حافظ نعیم

پی پی ،ایم کیوایم،ن لیگ کھوٹے سکے نکلے ،حافظ نعیم

کراچی (اسٹاف رپورٹر) امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے شہریوں کے بلدیاتی مسائل کے حل، جماعت اسلامی کے ٹاؤن اور یوسیز میں منتخب بلدیاتی نمائندوں کو مالی و انتظامی طور پر درپیش مشکلات اور آئندہ کے روڈ میپ اور منصوبہ بندی کے حوالے سے مختلف ٹاؤنز کے دورے شروع کردیے ہیں۔

 اس سلسلے میں وہ لانڈھی ٹاؤن، جناح ٹاؤن اور ماڈل کالونی ٹاؤن کا دورہ اور ملاقاتیں کرچکے ہیں۔ ملاقاتوں میں جماعت اسلامی کراچی کے ذمہ داران، امراء اضلاع،ضلعی سکریٹریز، انچارجز کوآرڈینیشن کمیٹی اور متعلقہ ٹاؤنز کے چیئرمین اور یوسی چیئرمین و وائس چیئرمین نے شر کت کی۔حافظ نعیم الرحمن نے مختلف حوالوں سے موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا اور منتخب نمائندوں و جماعت اسلامی کے ذمہ داران پر زور دیا کہ جتنے بھی مالی و انتطامی اختیارات و وسائل دستیاب ہیں ان کے ساتھ بھرپور منصوبہ بندی سے عوامی مسائل کے حل کے لیے کوششیں جاری رکھیں۔ علاقوں میں صفائی ستھرائی اور پینے کے پانی کے لیے واٹر کارپوریشن اور سالٹ ویسٹ مینجمنٹ کے حکام کے ساتھ موثر رابطہ رکھیں، عوام سے رابطے اور ان کے مسائل کے حوالے سے محلہ کمیٹیاں بھی تشکیل دیں۔انہوں نے دوروں کے دوران منتخب نمائندوں اور جماعت اسلامی کے ذمہ داران سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پیپلزپارٹی، ایم کیو ایم اور نواز لیگ پہلے بھی کھوٹے سکے ثابت ہوئے ہیں، ان پارٹیوں نے کراچی کے مسائل حل نہیں کیے اور ایم کیو ایم اور پیپلزپارٹی نے مل کر کراچی کو تباہ وبرباد کیا۔عوام اب ان کے دھوکے اور فریب میں نہیں آئیں گے اور ان کو مسترد کردیں گے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں