سکھر میں مبینہ مقابلہ،ڈکیت ہلاک،10ملزمان گرفتار
سکھر،اندرون سندھ (نمائندگان دنیا)سکھر میں مبینہ مقابلے میں ڈکیت ہلاک جب کہ دیگر کارروائیوں میں 10ملزمان گرفتار کرلیے گئے ۔تفصیلات کے مطابق سکھر کے سائٹ ایریا تھانے کی حدود میں پولیس اور ڈاکوؤں میں مبینہ مقابلہ ہوگیا۔ سکھر پولیس کے ترجمان کے مطابق مقابلے میں مارے گئے ڈاکو کی شناخت سدھیر لکھن کے نام سے ہوئی ،جس کے قبضے سے اسلحہ برآمد ہوا جبکہ اس کے دیگر ساتھی فرار ہوگئے ۔ ترجمان کے مطابق ڈاکو واردات کے ارادے سے کھڑے تھے ۔۔
کہ پولیس پہنچ گئی۔دوسری جانب مقابلے میں مبینہ ڈاکو کی ہلاکت پر ورثا اور لکھن برادری کے افراد مشتعل ہوگئے اور سڑکوں پر نکل آئے جنہوں نے سبزی منڈی بند کرادی اور سٹی بائی پاس پر رکاوٹیں کھڑی کرکے دھرنا دے دیا ،مظاہرین کے دھرنے کے باعث بائی پاس پر سندھ و بلوچستان کے صوبوں کے درمیان ٹریفک کی آمدورفت معطل ہوگئی ۔مظاہرین نے اس موقع پر پولیس کے خلاف سخت نعرے بازی کی ۔مظاہرین کا کہنا تھاکہ ان کی برادری کا نوجوان بے گناہ تھا اور صبح کے وقت مزدوری کرنے سبزی منڈی گیا تھا ۔ ٹنڈو محمد خان سے نمائندے کے مطابق پولیس نے مختلف کارروائیوں کے دوران 4 ملزمان کو حراست میں لیکر ان کے قبضے سے منشیات، چرس، گٹکا، مین پوریاں برآمد کرلیں۔ایس ایس پی سید سلیم شاہ کی ہدایت پرہر قسم کی گاڑیوں،موٹر سائیکلوں کو چیک کیا گیا اور متعدد گاڑیوں سے کالے شیشے ،فینسی نمبر پلیٹس اور تیز لائٹس کو اتار لیا گیا ۔ پڈعیدن کے نواحی علاقوں میں پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن 6 منشیات فروشوں کو گرفتار کرلیاگیا۔گرفتار ملزم جاوید عمرانی کے قبضے سے 1075 گرام چرس، ملزمان ساجد راجپوت اور عامر شیخ سے 500 گرام چرس، محسن جوکھیو اور ندیم راجپوت مری سے گٹکے اور آصف راجپوت کے قبضے سے مین پوری اور گٹکے برآمد کرکے متعلقہ مقدمات درج کر لیے گئے۔