اداروں سے واجبات بہرصورت لیں گے ،سی ای اوواٹرکارپوریشن
کراچی (اسٹاف رپورٹر) سی ای او واٹر کارپوریشن انجینئر سید صلاح الدین احمد نے کہا ہے کہ انشاء اللہ آئندہ آنے والے وقت میں واٹر کارپوریشن ملازمین کی بہتری کے لیے مزید اچھے اقدامات کیے جائیں گے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گریڈ 1 تا گریڈ 15 کے ملازمین کے لیے حج اور عمرے کی قرعہ اندازی کی تقریب سے خطاب میں کیا۔تقریب میں 15 خوش نصیب ملازمین حج اور 10 عمرے کی سعادت کے لیے کامیاب ہوئے۔ سی ای اونے ملازمین کو یقین دلایا کہ واٹر کارپوریشن کو کسی بھی صورت میں پرائیویٹ نہیں کیا جائے گا نہ ہی کسی ملازم کو فارغ کیا جائے گا جبکہ ڈیجیٹل حاضری کو یقینی بنایا جائے گا، کارپوریشن کے تمام اسکریپ کی جلد نیلامی کرکے ریٹائرڈ ملازمین کے واجبات ادا کیے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ جن اداروں پر واٹر کارپوریشن کے واجبات ہیں ان تمام اداروں سے واجبات ہر حال میں واپس لیے جائیں گے ۔ڈی جی رینجرز سندھ اور میئر کراچی سمیت تمام اداروں اور اینٹی تھیفٹ سیل واٹر کارپوریشن کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں کیونکہ ان کی بدولت شہر سے پانی چوری کا خاتمہ یقینی ہوا ہے ۔سی او او واٹر کارپوریشن انجینئر اسداللہ خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ واٹر کارپوریشن کے ملازمیں ہمارا اثاثہ ہیں ، انتظامیہ ملازمین کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے سمیت ریٹائرڈ ملازمین کے واجبات کی ادائیگی کے لیے موثر اقدامات کر رہی ہے۔