تجاوزات کے خاتمے کے کیس میں تحریری حکم نامہ جاری
کراچی (این این آئی)سندھ ہائیکورٹ نے الآصف اسکوائر ایم نائن کے اطراف تجاوزات کے خاتمے کے کیس میں تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔سندھ ہائیکورٹ نے ضلعی انتظامیہ کو ایک ہفتے میں الآصف اسکوائر کے اطراف تجاوزات ختم کرانے کا حکم دے دیا۔
عدالت نے الآصف اسکوائر سے ٹول پلازہ تک ایک ماہ میں تجاوزات ختم کرانے کا حکم دے دیا۔عدالت نے حکم دیا کہ رینجرز اور پولیس تجاوزات کے خاتمے میں انتظامیہ کی مکمل مدد کریں۔رینجرز اور پولیس انتظامیہ کو مطلوبی نفری بھی فراہم کریں۔تجاوزات ختم کر کے سروس روڈ گرین بیلٹ پر فوری بیوٹیفکیشن کی جائے ۔عدالت نے ڈپٹی کمشنر ایسٹ،ڈی جی رینجرز،ایس ایس پی ویسٹ،ایف ڈبلیو اور این ایچ اے کو عمل درآمد رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی۔ ڈی سی ایسٹ نے موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ تجاوزات ہٹانے پر قابضین فوری دوبارہ تجاوزات قائم کر لیتے ہیں۔