سول اسپتال،کروڑوں روپے کی بے ضابطگیوں کا انکشاف

سول اسپتال،کروڑوں روپے کی بے ضابطگیوں کا انکشاف

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈاکٹر رتھ کے ایم فاؤ سول اسپتال کراچی کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر سید خالد بخاری کہا ہے کہ اسپتال کی گزشتہ دو سالوں کی آڈٹ رپورٹ میں کروڑوں روپے کی بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے ۔

 آڈٹ رپورٹ میں اسپتال کے اسٹور میں ادویات اور مشینری کی خریداری میں بڑے پیمانے پر بے ضابطگیاں ظاہر ہوئی ہیں جن کو سدھارنے کے لیے اقدامات کے ساتھ تحقیقات کے لئے کمیٹی تشکیل دے دی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعے کو اپنے دفتر میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسپتال کے مرکزی اسٹور کے بہت سے شعبہ جات بدعنوانی اور گھپلوں میں ملوث ایک گروپ کے زیر انتظام تھے جو اسپتال میںادویات، انجکشن، مشینری، سرجیکل آلات سمیت دیگر ساز وسامان وصول کم کرتے اور دکھاتے زیادہ تھے جس سے مریضوں کی دیکھ بھال براہ راست متاثر ہوتی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ بے ضابطگیوں اور کرپشن میں ملوث ان بد عنوان ملازمین کے خلاف کارروائیوں پر ایک گروپ کی جانب سے سوشل میڈیا پر ان کی بلاجواز کردار کشی کی جاری ہے لیکن وہ ایسے کسی حربہ کو خاطر میں نہیں لائیں گے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ نگراں وزیر صحت سندھ ڈاکٹر سعد خالد کی ہدایت پر اسپتال کے اسٹور کے تمام شعبوں میں ان ملازمین کے بجائے فارماسسٹ تعینات کر دیئے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں