وردی پوش ملزمان کی ڈکیتی کی وارداتیں تھم نہ سکیں

وردی پوش ملزمان کی ڈکیتی کی وارداتیں تھم نہ سکیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پولیس کی وردیوں میں ملبوس ملزمان کی ڈکیتی کی وارداتیں تھم نہ سکیں۔ افغان کیمپ میں پولیس وردیوں میں ملبوس پانچ سے زائد افراد نے مکان سے نقدی اور دیگر اشیا لوٹ لیں۔

 متعلقہ ایس ایچ او وقار قیصر کے مطابق پانچ سے چھ مسلح ملزمان مبینہ پولیس یونیفارم میں ملبوس گھر میں داخل ہوئے ، ابتدائی تحقیقات کے مطابق پولیس کی وردیوں میں ملبوس افراد گھر میں افغان کارڈ چیکنگ کا بہانہ بنا کر داخل ہوئے ، ملزمان گھر میں موجود افراد کو ایک کمرے میں بند کرکے گھر سے چھ موبائل فون پانچ لاکھ روپے نقدی سمیت دیگر اشیا لوٹ کر فرار ہوگئے ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان واردات کے بعد گھر میں لگے سی سی ٹی وی کیمرے کا ڈی وی آر بھی ساتھ لے گئے ، تاہم موقع پرموجود افراد کے بیانات قلم بند کرکے تفتیش کا آغاز کردیا۔ادھرکورنگی زمان ٹاؤن سے رینجرز کا جعلی اہلکار گرفتارکرلیاگیا۔ ترجمان کورنگی پولیس کے مطابق جعلی اہلکار پرائیویٹ اسلحے کے ساتھ سڑک سے پیدل گزر رہا تھا، پیٹرولنگ پولیس نے مشکوک جانتے ہوئے اہلکار سے شناخت دریافت کی، وردی میں ملبوس جعلی اہلکار پولیس کو چکمہ دے کر فرار ہونے لگا، زمان ٹاؤن پولیس نے جعلی اہلکار کو تھانے منتقل کرکے تفتیش شروع کردی۔ گرفتار جعلی رینجرز اہلکار نجی سیکیورٹی کمپنی کا ملازم نکلا، ملزم رینجرز کی وردی کا استعمال کرکے خود کو سرکاری اہلکار ظاہر کرتا تھا، گرفتار جعلی اہلکار کی شناخت شکیل احمد ولد الٰہی بخش کے نام سے ہوئی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں