لاپتا ساتھیوں کی خوشخبری الیکشن سے مل جائیگی،فاروق ستار
کراچی (اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان ناظم آباد ٹاؤن کی جانب سے یوسی 46 کے انتخابی آفس کا افتتاح کردیا گیا۔
افتتاحی تقریب سے سینئر ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار نے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی ہمارے دور میں دنیا کے تیزی سے ترقی کرنے والے شہروں میں شامل تھا لیکن آج بدترین حالات ہیں آج کراچی ماحولیاتی آلودگی کا شکار ہے کراچی کی فضائی آلودگی دنیا کے بڑے شہروں میں سب سے زیادہ ہے سندھ میں انسان کے رہنے لائق سہولیات نہیں کراچی چلتا ہے تو پورا پاکستان اور اسلام آباد چلتا ہے اگر پاکستان کو چلانے والوں نے اس شہر کے بنیادی مسائل حل نہ کئے تو یہ پاکستان کی ترقی روکنے کے مترادف ہوگا۔کراچی کو سالانہ 400 ارب اربن انفرااسٹرکچر کو ڈیولپمنٹ کے لئے چاہئیں ۔ مقامی حکومت کی خود مختاری، ٹیکسوں کی منصفانہ تقسیم اس شہر میں ترقی کی راہ کھول سکتا ہے شہر کراچی عالمی مالیاتی اداروں کے قرضوں سے چھٹکارا دلانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم ایک بار پھر کراچی ہی عظمت کو بحال کرنے جا رہے ہیں، تمام زبانیں بولنے والوں کی بڑی تعداد ایم کیو ایم میں شامل ہو رہی ہے ہماری سیٹوں کی 2018 میں چائنہ کٹنگ کی گئی تھی لیکن اس بار کراچی کی تمام 22 نشستیں حاصل کریں گے ،لاپتہ ساتھیوں کے واپس آنے کی خوشخبری الیکشن سے پہلے ملنا شروع ہو جائے گی۔