تین روز میں 233 گراں فروشوں کے خلاف کارروائی
کراچی (اسٹاف رپورٹر)کمشنر کراچی سلیم راجپوت نے ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ ناجائز منافع خوروں کے خلاف مہم کو یقینی بنا ئیں تا کہ سرکاری نرخ سختی سے نا فذ ہوں ۔
کمشنر نے کہا کہ عوام کو کسی بھی قیمت پر گرانفروشوں اور منافع خوروں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جائیگا اور اس سلسلے میں مہنگائی کے ستائے عوام کو ہر ممکنہ ریلیف دیا جائے گا۔کمشنر آفس نے گزشتہ 3 روز کی گراں فروشوں کے خلاف کارروائی کی رپورٹ جاری کی ہے جس کے مطابق233 گراں فروشوں کے خلاف کارروائی کی گئی جس میں 11 لاکھ 55 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ گوشت ، دودھ ،سبزی فروٹس اور پولٹری والوں سمیت مختلف گراں فروشوں کے خلاف کارروائی کی گئی ۔ ضلع جنوبی میں نا جائز منافع خوروں پر 3 روز میں 3 لاکھ 3 ہزار رو پے جرمانے عائد کئے گئے ۔ ضلع شرقی میں1لاکھ 24 ہزار ، غربی میں 63 ہزار 500 روپے ،ضلع وسطی میں گراں فروشوں پر 3 لاکھ 25 ہزار روپے ، ملیر میں 74ہزار ، ضلع کورنگی میں 2 لاکھ 28 ہزار روپے جبکہ ضلع کیماڑی میں 37 ہزار روپے جرمانے عائد کئے گئے ۔ ضلع جنوبی میں 46، شرقی میں 40، غربی میں40، وسطی میں 17، ملیر 82 ، کورنگی میں 20 جبکہ ضلع کیماڑی میں 6 گراں فروشوں کے خلاف کارروائی کی گئی۔