آر جے مال کے محفوظ حصے کو فوری کھولاجائے ، آفاق احمد

 آر جے مال کے محفوظ حصے کو فوری کھولاجائے ، آفاق احمد

کراچی (این این آئی)چیئرمین مہاجر قومی موومنٹ آفاق احمد نے آر جے مال کو کھلوانے کیلئے نگراں وزیر اعلیٰ سندھ اور کور کمانڈر کراچی سے اپنا کردار ادا کرنے کی درخواست کردی، دکانیں بند ہونے کی وجہ سے سیکڑوں خاندانوں کے چولہے بند ہوگئے۔۔

عمارت کے محفوظ حصے کو فوری کھولا جائے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آر جے مال میں متاثرین سے اظہار یکجہتی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ آفاق احمد نے کہا کہ یہ سانحہ چھوٹا نہیں،جو دکانیں نہیں جلیں وہ بھی بند ہیں، یہ سراسر زیادتی ہے ،یہاں مردوں کے ساتھ خواتین بھی اپنا کاروبار کرتی تھیں،یہاں میری بہنیں احتجاج پر بیٹھی ہیں میں یہاں احتجاج پر بیٹھا ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ میئر کراچی یہ کہہ کر بری الذمہ ہوگئے کہ یہ علاقہ کنٹونمنٹ بورڈ کا ہے ۔گورنر صاحب نے بھی متاثرین کی داد رسی سے گریز کیا۔ نگراں وزیر اعلیٰ اورکور کمانڈر کراچی سے درخواست کرتا ہوں کہ ذاتی طور پر اس مسئلے کو حل کریں۔ انہوں نے کہا کہ عزیز آباد میں جلنے والی ایک گھر کو ایک دن میں مخدوش قرار دے دیا جاتا ہے ،میں اس مسئلے کو اس مسئلے سے نہیں ملانا چاہتا لیکن یہ ضرور کہونگا کہ اگر کنٹونمنٹ کرنا چا ہے تو ایک دن میں یہ معاملہ حل ہوسکتا ہے ۔آفاق احمد نے مزید کہا کہ کراچی میں کاروبار کرنے والے تمام پشتون، سندھی، مہاجر سب ہمارے بھائی ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں