پی پی نے متعصبانہ حلقہ بندیوں کیلئے خزانے کا منہ کھول دیا،ایم کیوایم

پی پی نے متعصبانہ حلقہ بندیوں کیلئے خزانے کا منہ کھول دیا،ایم کیوایم

میرپورخاص(بیورورپورٹ)ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی کے رکن ڈاکٹر ظفر کمالی، اراکین سندھ تنظیمی کمیٹی شفیق احمد، جاوید اقبال،ایم کیو ایم پاکستان میرپورخاص ڈسٹرکٹ کے انچارج خالد تبسم،جوائنٹ ڈسٹرکٹ انچارجز آفاق احمد خان،سلیم میمن و اراکین ڈسٹرکٹ کمیٹی، ڈسٹرکٹ ممبر و یوسی چیئرمین سلیم خان نے آئندہ عام انتخابات کے لیے حتمی حلقہ بندیوں میں جیری ترامیم کرنے پر تحفظات اور سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ۔۔

کہ پیپلز پارٹی نے متعصبانہ حلقہ بندیاں کروانے کے لیے خزانے کا منہ کھول دیاہے ۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ صوبائی الیکشن کمشنر اور ممبر سندھ نثار درانی جیالے کا کردار ادا کررہے ہیں ،عام انتخابات کے لیے حلقہ بندیوں میں جبری ترامیم پیپلز پارٹی کو فائدہ پہنچانے کے مترادف ہے ، سازش کے تحت الیکشن رولز 2017کے اصول 10(4)کو نظر انداز کرتے ہوئے حلقہ بندی کی بنیادی اکائی تپہ سرکل کو توڑا گیا،نہ صرف تپہ سرکل بلکہ دو دیہوں ‘‘دیہہ کتھ ’’ اور ‘‘دیہہ پنھور ’’کو بھی توڑدیا گیا ۔ان کا کہناتھاکہ پیپلز پارٹی کو مطلوبہ نتائج کے حصول کے لئے ‘‘دیہہ کتھ ’’اور ‘‘دیہہ پنھور ’’ کا دیہی حصہ PS-46 میں جبکہ شہری حصہ PS-45 میں شامل کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی الیکشن کمشنراعجاز انور چوہان اور ممبر الیکشن کمیشن سندھ نثار درانی نے حلقہ بندیوں کی سماعت کے دوران میرپورخاص کی حتمی حلقہ بندی میں جیری ترامیم کرکے الیکشن کمیشن کی ساکھ کو داؤ پر لگا دیا۔ یہ عام انتخابات میں دھاندلی کی مذموم اور بھیانک سازش پر تیزی سے عمل پیرا ہیں،ہم جانبدارانہ حلقہ بندیاں مسترد کرتے ہیں،اعلیٰ عدلیہ معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے متعصبانہ اور جانبدارانہ فیصلے کو فی الفور واپس لے ۔انہوں نے اعلان کیا کہ صوبائی الیکشن کمشنر سندھ اور رکن الیکشن کمیشن سندھ کے غیر آئینی و غیر قانونی ،متعصبانہ عمل اور پری پول رگنگ کے خلاف اعلیٰ عدلیہ سے رجوع کریں گے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں