افسران فرائض دیانتداری سے ادا کریں،احمد شاہ

افسران فرائض دیانتداری سے ادا کریں،احمد شاہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر)نگراں صوبائی وزیرِ اطلاعات محمد احمد شاہ نے آرکائیوز کمپلیکس کلفٹن کراچی میں محکمہ اطلاعات کے افسران کے ساتھ منعقدہ اپنے پہلے اجلاس میں ہدایت دی کہ افسران اپنے فرائض منصبی کو تندہی اور دیانتداری سے ادا کریں۔

اطلاعات کی بروقت اور تیز ترین ترسیل محکمہ اطلاعات کے افسران کی بنیادی ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کارکردگی کے حوالے سے پرعزم، متحرک اور فعال افسران دیکھنے ہیں، جو افسر اس معیار پر پورا اترے گا وہی کام کرسکے گا۔ انہوں نے کہا کہ بحیثیت وزیر وہ کسی بھی قسم کی سستی ،کاہلی اور غلط اور ناجائز کام کو برداشت نہیں کریں گے ۔انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ حکومت کے محکموں کی کارکردگی کو بہتر طریقے سے اجاگر کریں۔ انہوں نے کہا کہ وہ محکمہ اطلاعات کی کارکردگی کو خود مانیٹر کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں، صحافتی اداروں ان کے کارکنوں اور پریس کلبز کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا چاہتے ہیں اور اس سلسلے میں محکمہ اطلاعات کو فعال کردار ادا کرنا ہے ۔انہوں نے افسران سے کہا کہ وہ اپنے مسائل سے بھی ان کو آگاہ کریں تاکہ ہم مل کر محکمے اور حکومت کی کارکردگی کو اجاگر کرسکیں۔اجلاس میں سیکریٹری اطلاعات سندھ ندیم الرحمٰن میمن ، ڈائریکٹر ایڈمن اینڈ اکاؤنٹس محمد یوسف کابورو، ڈائریکٹر پریس انفارمیشن حسن اصغر نقوی  اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں