ہائیکورٹ:ناظم آباد میں عمارت کی چوتھی منزل مسمار کرنیکا حکم

 ہائیکورٹ:ناظم آباد میں عمارت کی چوتھی منزل مسمار کرنیکا حکم

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائیکورٹ نے ناظم آباد نمبر 2اے بی ایس اپارٹمنٹ میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف درخواست پر چوتھی منزل کو مکمل مسمار کرکے 15روز میں رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیدیا۔

 منگل کو سندھ ہائیکورٹ میں درخواست کی سماعت ہوئی۔رپورٹ پیش نہ کرنے پر عدالت ڈپٹی ڈائریکٹر ایس بی سی اے ڈسٹرکٹ سینٹرل پر برہم ہوگئی۔ درخواست گزار محمد ناصر نے کہا کہ پلاٹ نمبر 2بی/5 اے بی ایس اپارٹمنٹ میں رہائشی تاج محمد عرف تاجو نے بھائیوں کے ساتھ مل کر غیر قانونی تعمیرات کردی ہے ۔ جسٹس ندیم اختر نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ عمارت گری تو ایس بی سی اے بھی برابر کا شریک ہوگا۔عدالت نے بلڈر کے خلاف کارروائی میں فریق بننے کی استدعا مسترد کردی۔دریں اثنا ء عدالت نے محکمہ اوقاف میں کرپشن اورتنخواہیں نہ بڑھانے کے معاملے پرسماعت 20دسمبرتک ملتوی کردی۔منگل کوسندھ ہائیکورٹ میں محکمہ اوقات کے برطرف ملازم ارباب علی مورو کی درخواست پر سماعت ہوئی۔وکیل درخواست گزارنے کہاکہ محکمہ اوقاف کرپشن کا گڑھ بن گیا ہے ، ملازمین کی تنخواہیں بھی نہیں بڑھائی جا رہیں۔قائم مقام چیف جسٹس نے کہا کہ آپ ہمیں کوئی قانونی نکتہ بتائیں، کوئی دستاویزات دیں، آپ کے محکمے نے تو آپ کو ہی کرپٹ ثابت کیا ہے ۔ عدالت نے درخواست گزار کو تیاری اور دستاویزات کے ساتھ پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے درخواست کی مزید سماعت 20 دسمبرتک ملتوی کردی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں