ڈی جی رینجرز کا اجلاس،جرائم پیشہ عناصر کیخلاف کارروائیاں مزید تیز کرنے کا فیصلہ

ڈی جی رینجرز کا اجلاس،جرائم پیشہ عناصر کیخلاف کارروائیاں مزید تیز کرنے کا فیصلہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر)ڈی جی رینجرز (سندھ) میجر جنرل اظہر وقاص کی زیر صدارت ہیڈ کوارٹرز پاکستان رینجرز(سندھ)میں سیکیورٹی کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطح اجلاس منعقد ہوا۔

 اجلاس میں شہرقائد کی امن و امان کی صورتحال بالخصوص اسٹریٹ کرائمز،اسنیچنگ، اینٹی اسمگلنگ،پانی کی چوری اوردیگر جرائم کی روک تھام اور غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے انخلاء کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی کراچی، ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ، ڈی آئی جی سی ٹی ڈی، جوائنٹ ڈی جی آئی بی، ڈی آئی جیز (اسپیشل برانچ، ایسٹ، ساؤتھ، ویسٹ، سی آئی اے اور ٹریفک)، پولیس، رینجرزاور حساس اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔اس موقع پر رینجرز اور پولیس کی جانب سے اسٹریٹ کرائمز،اسنیچنگ، اینٹی اسمگلنگ، پانی کی چوری اور دیگر جرائم کی روک تھام، غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے انخلاء، غیر قانونی اسلحے کی نمائش اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف تیزاور سخت کارروائی جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔پاکستان رینجرز(سندھ)اور پولیس کی جانب سے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مشترکہ کومبنگ آپریشن، پٹرولنگ اور بین الصوبائی چیکنگ پوائنٹس پر اسنیپ چیکنگ کے عمل کو مزید مؤثر بنانے کے لیے مربوط لائحہ عمل مرتب کیا گیا۔ اجلا س میں عوام سے بھی اپیل کی گئی کہ وہ کسی بھی شرپسند عناصر، مشکوک سرگرمی اور ناخوش گوار واقعے کی فوری اطلاع تعینات رینجرز اہلکار، رینجرز ہیلپ لائن 1101 پر، رینجرز مدد گار واٹس ایپ نمبر 03479001111 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں