انسداد بدعنوانی کے دن کے حوالے سے نیب کی آگاہی واک

 انسداد بدعنوانی کے دن کے حوالے سے نیب کی آگاہی واک

کراچی (این این آئی)چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل (ر)نذیر احمد کی ہدایت اور نیب کے نعرے ’’ہمارا ایمان، کرپشن سے پاک پاکستان‘‘ کی تعمیل میں نیب کراچی نے ہفتہ کو یوم بین الاقوامی انسداد بدعنوانی کے حوالے سے آگاہی واک کا انعقاد کیا۔

 کرپشن کے خلاف آگاہی واک چنکی منکی ریسٹورنٹ سے نشان پاکستان پارک سی ویو، کلفٹن کراچی تک کی گئی۔ ڈائریکٹر جنرل نیب کراچی جاوید اکبر ریاض نے واک کی قیادت کی۔ واک میں نیب کے افسران و اہلکاران اور تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد، شوبز سے تعلق رکھنے والے مشہور افراد ، ماہرین تعلیم، طلبا، مخیر حضرات، سندھ بوائز اسکاؤٹس اور سرکاری محکموں کے نمائندگان شریک تھے ۔جاوید اکبر ریاض نے واک کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے بدعنوانی کے برے اثرات سے متعلق عوامی آگاہی کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے کندھوں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ بدعنوانی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کی جدوجہد کا حصہ بنیں۔ اس سلسلے میں نیب نے بدعنوانی کی روک تھام اور عوام میں شعور اجاگر کرنے کے جذبے سے اسکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں کریکٹر بلڈنگ سوسائٹیز تشکیل دی ہیں۔ ڈی جی نیب (کراچی)نے یہ بھی کہا کہ اساتذہ نوجوانوں کی تربیت، تعلیم اور کردار سازی کے ذریعے معاشرے کو کرپشن، اقربا پروری اور جانبداری کی لعنت سے پاک کرنے کے لیے کردار ادا کریں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں