دو جماعتوں نے سندھ کو تباہ کردیا ،مرکزی مسلم لیگ
کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے نائب صدرفیصل ندیم نے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دو جماعتوں نے سندھ کو تباہ کردیا ہے ۔ یہاں حقوق کے نام پر عوام کو لڑایا جاتا ہے ۔
جو سیاستدان رہنے کے لیے باہر جاتے ہیں وہ اس ملک کے لیے کیا کردار ادا کریں گے ۔ہم الیکشن سے کسی کو بھاگنے نہیں دیں گے ۔ کراچی کے عوام 8 فروری کو اپنی محرومیوں کا بدلہ لیں گے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے انتخابی حلقہ NA235میں پہلے انتخابی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جلسہ عام سے کراچی کے صدراحمدندیم اعوان ،حافظ عبدالقیوم ودیگر نے بھی خطاب کیا۔جلسہ عام میں دیگرپارٹیوں ، برادریوں کے رہنماؤں اور کارکنان کی بڑی تعداد نے بھی پاکستان مرکزی مسلم لیگ میں شمولیت کا اعلان بھی کیا۔ فیصل ندیم نے کہا کہ کراچی کو پیرس بنانے کے دعوے کرنے والے کہاں ہیں۔ عالی شان محلات میں رہنے والوں کوگوٹھوں میں بسنے والوں کے مسائل کا اندازہ کیسے ہوگا؟ کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے لیکن یہاں مسائل کے انبار ہیں۔ بجلی، پانی، گیس ،تعلیم اور صحت کی معیاری سہولتیں دستیاب نہیں ہیں۔بنیادی ضرورت پانی بھی خرید کر پینا پڑتا ہے ۔ دو جماعتوں نے سندھ کو تباہ کردیا ہے ۔ مخلص قیادت کا انتخاب نہ ہونے کی وجہ سے کرپشن عروج پر ہے ۔ کرپشن کا بازار گرم کرنے والوں کے حلق سے عوام کا پیسہ کھینچ کر نکالیں گے۔