معاشی پالیسیاں روزگار کے مواقع کیلئے بنائی جائیں،پاسبان
کراچی(آن لائن)پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین الطاف شکور نے بڑھتی ہوئی بے روزگاری پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ پاکستان کی معاشی پالیسیاں ایسی بنائی جائیں جن سے روزگار کے مواقع پیدا کئے جا سکیں۔
یکے بعد دیگرے آنے والی جمہوری اور آمرانہ حکومتوں نے غریب عوام کی اکثریت کو نظر انداز کرتے ہوئے اشرافیہ کے ذاتی مفادات کا خیال رکھا ہے ۔ ہمارا ٹیکس کا نظام جاگیرداروں، تجارت اور صنعت کے ٹائیکونز کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے ہے ۔ محنت کش طبقے کے لوگوں کو سہولیات فراہم کرنے کے بجائے زیادہ ٹیکس وصول کرنے پر نظر رکھی جاتی ہے ۔ اس بھیڑچال کو تبدیل کیے بغیرقومی ترقی اور خوشحالی کا حصول ناممکن ہے ۔ ملک کے صنعتی اور زرعی شعبوں میں لاکھوں نئی ملازمتیں پیدا کرنے کی بے پناہ صلاحیت ہے لیکن حکومت صرف امپورٹ مافیا کے مفادات کو بچا رہی ہے ۔ زرعی ملک ہونے کے باوجود اشیائے خوردونوش درآمد کرنا پڑ رہی ہیں۔ وسیع بنجر اور نیم بنجر زمینوں کو کاشت کر کے پاکستان کو اناج پیدا کرنے میں خودکفیل بنایا جائے ۔ الطاف شکور نے حکومت اور آرمی چیف سے مطالبہ کیا کہ ایس آئی ایف سی جیسی اتھارٹی بنائی جائے جو زراعت، آبپاشی، تعلیم، تکنیکی تربیت اور شہری ترقی کے شعبوں میں جدید تبدیلیاں لا کر مکمل طور پر روزگار کے مواقع پیدا کرنے پر توجہ مرکوز کرے ۔