سندھ کے دو ٹکڑے نہیں ہونے دیں گے ،نثارکھوڑو
کراچی(این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر سینیٹر نثار کھوڑو نے کراچی میں دیہی سندھ والوں کا شہری سندھ پر قبضے کے پینافلیکس کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی سندھ کے دو ٹکڑے کبھی نہیں ہونے دے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو گلشن معمار میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک لسانی جماعت کراچی کو سندھ سے الگ کرنا چاہتی ہے مگر سندھ کو تقسیم کرنے کی سازش کسی صورت کامیاب نہیں ہوگی۔انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان سندھ میں بیٹھ کر سندھ والوں کوبھبکیاں دینا بند کرے کیوں کہ تفریق کی سیاست کرنے والوں کو منہ کی کھانی پڑے گی۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے ماضی میں کالاباغ ڈیم بنانے کا اعلان کیا اب نئے صوبے بنانا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم، ن لیگ اور جی ڈی اے کا اتحاد سندھ میں نیا صوبہ بنانے اور 18 ویں ترمیم کے خاتمے کی ایجنڈے پر بنایا گیا ہے اور یہ اتحاد سندھ مخالف اتحاد ہے ۔ نوازشریف کو وارننگ دیتے ہیں کے وہ نئے صوبوں کی بات کرکے سندھ کے لوگوں کے زخموں پر نمک چھڑکنا بند کریں۔ انہوں نے کہا کہ جو سندھ دھرتی ماں کے مخالف ہیں ان سے بڑا سندھ کا کوئی غدار نہیں ہوسکتا۔سندھ کی عوام سندھ کے خلاف سازش کرنے والوں کو پہچانیں۔ کراچی سندھ کا دارالحکومت ہے اور رہے گا ، تفریق کی باتیں کرنے والوں کو شرم آنی چاہئے ۔