کے ڈی اے تجارتی پلاٹس کے الاٹیز سے بھتہ طلبی کا انکشاف،قانونی کارروائی کے اقدامات شروع

کے ڈی اے تجارتی  پلاٹس  کے  الاٹیز  سے  بھتہ  طلبی  کا  انکشاف،قانونی  کارروائی  کے  اقدامات  شروع

کراچی (رپورٹ محمد علی حفیظ )کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی (کے ڈی اے ) کے تجارتی پلاٹس کے الاٹیز سے بھتہ طلبی کا انکشاف ہوا ہے متاثرہ الاٹیز نے سیکورٹی اداروں سے رجوع کرلیا۔۔۔

 شکایات ملنے کے بعد بھتہ مافیا کے خلاف قانونی کارروائی کیلئے اقدامات شروع کردیئے گئے ہیں۔ ذمہ دار ذرائع کے مطابق کورنگی ٹائون شپ میں کروڑوں روپے مالیت کے تجارتی پلاٹس موجود ہیں جن کے درجنوں الاٹیز کو ان دنوں دہری مشکلات کا سامنا ہے ایک توطاقتور قبضہ مافیا تجارتی پلاٹس پر ہاتھ صاف کردیتی ہے جبکہ دوسری جانب جب بھی کوئی شہری اپنے پلاٹس کی تعمیرات شروع کرتا ہے تو کچھ عناصر جو خود کو میونسپل کارپوریشن کورنگی کا اہلکار بتاکر تعمیرات رکوادیتے ہیں اور پھر بھتہ طلب کرتے ہیں اس تمام صورتحال سے تنگ آکر الاٹیز نے سیکورٹی اداروں سے رجوع کرلیا ہے ۔الاٹیز کی جانب سے تحریری شکایات دی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ وہ عرصہ دراز سے کورنگی ٹائون شپ میں تجارتی پلاٹس کی ملکیت رکھتے ہیں انہیں مختلف ہتھکنڈوں سے مسلسل پریشان کیا جارہا ہے ۔ ایک بھتہ مافیا گروپ خود کو کورنگی میونسپل کارپوریشن کے اہلکار بتاکر لاکھوں روپے بھتہ مانگ رہا ہے جبکہ اس حوالے سے ٹی ایم سی کورنگی حکام نے ایسے ملازمین سے لاتعلقی ظاہر کی ہے ۔دوسری جانب کورنگی کے ڈی اے حکام کا کہنا ہے کہ وہ ہر حوالے سے متاثرہ الاٹیز کے ساتھ ہیں ،بھتہ طلب کرنے والے گروپ کے خلاف تمام شواہد جو کے ڈی اے کے پاس ہونگے وہ بھی سیکورٹی اداروں کو فراہم کیا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں