سکھر :خاتون کے اندھے قتل کا معمہ حل،مرکزی ملزم پکڑاگیا

 سکھر :خاتون کے اندھے قتل کا معمہ حل،مرکزی ملزم پکڑاگیا

سکھر(نمائندہ دنیا)سکھر پولیس نے ایک ہفتہ قبل ایئر پورٹ تھانہ کی حدود خاتون کے اندھے قتل کا معمہ حل کرتے ہوئے ملوث مرکزی ملزم کو گرفتار کرلیا ۔

ترجمان سکھر پولیس کے مطابق ایس ایس پی سکھر زبیر نذیر شیخ نے ملزمان کی گرفتاری کیلئے اے ایس پی سٹی محمد عامر شہزاد کی سربراہی میں ٹیم تشکیل دی تھی جس نے خفیہ اطلاع ملنے پر نیوپنڈ کی حدود پٹھان کالونی کے قریب کارر وائی کے دوران مسماۃ شہزادی کے قتل میں ملوث مرکزی ملزم ایاز چنہ کو گرفتار کرلیا۔ایس ایس پی سکھر نے واردت کی بہتر تفتیش کرنے اور ملزم کی گرفتاری پر اے ایس پی سٹی اور ٹیم کو شاباشی دی ۔ادھر سکھر میں تھانہ اے سیکشن کی حدود میں بیراج کالونی سکھر کے قریب پولیس نے مبینہ مقابلے کے دوران ڈکیت آفتاب کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے اس کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا جبکہ ڈاکو کے تین ساتھی فرار ہوگئے ۔ پولیس ترجمان کے مطابق گرفتار ڈاکو چوری ،ڈکیتی ،پولیس مقابلوں سمیت متعدد سنگین وارداتوں میں مطلوب تھا اور تالہ توڑ گینگ کا اہم کارندہ ہے ۔انہوں نے بتایاکہ گرفتار ڈاکو نے 12 روز قبل ساتھیوں کے ہمراہ دادو چوک کے قریب واقع مارکیٹ کی دکان کے تالے توڑ کر لاکھوں روپے کی بیٹریاں چوری کرلی تھیں ۔ زخمی ڈاکو کے مزید کرمنل ریکارڈ کی معلومات تھانوں اور مختلف اضلاع سے حاصل کی جا رہی ہے ۔ علاوہ ازیں سکھر پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں سے چھیننے گئے 40لاکھ روپے کے 39موبائل فونز جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے برآمد کر کے اصل مالکان کے حوالے کر دیے۔ میرپورخاص سے نمائندے کے مطابق سی آئی اے انچارج انسپکٹر شاہجہان لاشاری نے خفیہ اطلاع ملنے پر دلبر خان مہر تھانے کی حدود کھپرو ٹو میرپورخاص روڈ مین سم نالہ پر پولیس نفری کے ہمراہ کارر وائی کرتے ہوئے منشیات فروشوں محمد عامر اور محمد عمران کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے 100 سے زائد گٹکے کے پیکٹ، 50 کلو سے زائد سادہ چھالیہ، 137 کارن میٹھی چھالیہ، سگریٹ کے 29 کارٹن برآمد کر کے ٹریلر کو تحویل میں لے لیااور ملزموں کے خلاف مقدمہ بھی درج کر لیا گیا۔ابتدائی تفتیش کے مطابق برآمد شدہ سامان لاہور سے لایا جا رہا تھا۔ محراب پور میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے منشیات فروش کو گرفتار کرکے 132 بوتل شراب برآمد کرلی جب کہ روپوش اشتہاری سمیت 5 ملزموں کو بھی گرفتار کرلیاگیا ۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں