کراچی میں مقامی پولیس کے بغیر جرائم پرقابو ناممکن ،حافظ نعیم

 کراچی میں مقامی پولیس کے بغیر جرائم پرقابو ناممکن ،حافظ نعیم

کراچی (آن لائن)امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ کراچی میں جب تک مقامی پولیس کا تصور اور نظام قائم نہیں کیا جائے گا،جرائم کو کنٹرول اور شہریوں کی جان و مال کو تحفظ حاصل نہیں ہو گا۔ کراچی پولیس میں مقامی افراد کو ترجیحی بنیادوں پر بھرتی کیا جائے اور کالی بھیڑوں کا صفایا کیا جائے ۔

صوبائی وزیر داخلہ ضیاء الحسن لنجار کراچی میں جرائم کو بڑھا چڑھا کر پیش کرنے کا اپنا بیان واپس لیں اور عوام سے معافی مانگیں۔ کچے اور پکے کے ڈاکوؤں کو سندھ حکومت کی سرپرستی حاصل ہے ۔ کراچی میں مسلح ڈکیتیوں میں صرف رمضان میں 10شہری اپنی جان گنوا بیٹھے جبکہ رواں سال49افراد ڈاکوؤں کی گولیوں کا نشانہ بنے ۔ بڑھتی ہوئی مہنگائی، گیس، بجلی اور پٹرول کی قیمتوں میں اضافے نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے ۔جماعت اسلامی عوام کو ڈاکوؤں، ان کے سرپرستوں اور جعلی مینڈیٹ والی حکومت کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑے گی، عید الفطر کے بعد فارم 47کی پیدوار زبردستی مسلط کی گئی حکومت اور جعلی مینڈیٹ کے خلاف بھر پور تحریک چلائے گی۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے مزید کہاکہ جمعتہ الوداع کو یوم القدس ہے ،امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی اپیل پر پورے پاکستان میں ‘‘یوم القدس’’منائیں گے ۔ حافظ نعیم الرحمن نے تاریخ ساز ‘‘شب یکجہتی غزہ’’ میں اہل کراچی کی جوق در جوق شرکت پر ان سے اظہار تشکر بھی کیا۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں