حیدرآباد:منشیات فروشوں کیخلاف کارروائی،26ملزمان گرفتار

حیدرآباد:منشیات فروشوں کیخلاف کارروائی،26ملزمان گرفتار

حیدر آباد (نمائندہ دنیا) سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی ہدایت پر سندھ کے مختلف اضلاع میں منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری ہے ۔

 ایکسائز نارکوٹکس کنٹرول اور پولیس نے مختلف اضلاع سے 26 منشیات فروشوں کو گرفتار کرلیا، جن سے 18 کلو چرس، ایک کلو کے قریب آئس، مضر صحت گٹکا ماوا، کچی شراب اور دیگر منشیات برآمد ہوئی۔ ایکسائز کے ڈویژنل اسپیشل اسکواڈ نے مکرانی محلہ سے یونیوسٹی میں منشیات سپلائی کرنے والے ملزم کاشف مکرانی کو گرفتار کر لیا، ملزم کاشف امجد مکرانی گروپ کا اہم کارندہ ہے اور ایکسائز نارکوٹکس کنٹرول کو 3 سال سے اس کی تلاش تھی۔ پنیاری میں پولیس نے مقابلے کے بعد بدنام زمانہ آئس سپلائر عمران کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔ ملزم کے قبضے سے ایک پستول اور 270 گرام آئس برآمد کی گئی۔ بدین پولیس نے بدنام زمانہ منشیات فروش مشتاق ملاح عرف ماما مشتاق کو گرفتار کر کے 2025 گرام چرس برآمد کر لی۔ بدین پولیس کی ایک اور کارروائی میں گٹکا فروش معشوق شیخ کو گرفتار کرکے 600 مضر صحت گٹکا کے پیکٹ ضبط کر لیے گئے ۔ کڈھن پولیس بدین نے منشیات فروش سکندر علی شورو کو گرفتار کرکے 10 لیٹر دیسی شراب برآمد کرلی، جبکہ گٹکا فروش محمد حنیف ملاح کو بھی گرفتار کرکے 300 پیکٹ برآمد کئے گئے ۔ نندو پولیس نے منشیات فروش نصر اﷲ کھوسو کو 10 لیٹر دیسی شراب سمیت گرفتار کرلیا۔ بدین کے علاقے کڑیو گنہور میں گٹکا فروش سرفراز کوریجو کو گرفتار کر کے مضر صحت گٹکا 200 پیکٹ ضبط کر لیے گئے ۔ ٹھٹھہ تھانہ گھوڑا باڑی کی حدود میں پولیس مقابلے میں بدنام زمانہ منشیات فروش عطا محمد عرف عطانی مگسی کو زخمی حالت میں پستول سمیت گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق ملزم ٹھٹھہ اور دیگر علاقوں میں آئس اور ہیروئن کا اہم ڈیلر ہے ۔ ٹنڈو الہ یار بی سیکشن پولیس نے ٹارگٹڈ آپریشن کرتے ہوئے ملزم لالو کو گرفتار کر کے 1300 گرام چرس برآمد کرلی۔ ایک اور کارروائی میں ملزم میوو کو گرفتار کرکے 2200 گرام چرس برآمد کرلی گئی۔ گاؤں حاجی میر بحر میں ملزم سجاد علی ملاح کو گرفتار کرکے 100 لیٹر کچی شراب برآمد کی گئی۔ قبا اسٹاپ کے قریب اچھو ولد بھالو کچھی کولہی کو 30 لیٹر دیسی شراب کے ساتھ گرفتار کر لیا گیا۔مستوئی کالونی میں تین ملزمان سلیم پٹھان، آفاق مستوئی اور عبداﷲ مستوئی کو گرفتار کر کے 200 تیار مین پڑیاں اور 140 ماوا گٹکا برآمد کر لیاگیا۔ جامشورو میں ایکسائز پولیس نے بدنام زمانہ منشیات فروش غلام علی جمالی گرفتارکرکے 500 گرام آئس برآمد کرلی۔ ٹھٹھہ ضلع کی پولیس نے گھارو، ٹھٹھہ، گاڑھو، دھابیجی، کیٹی بندر، ساکرو، جھرک اور جھمپیر میں 7 منشیات فروش گرفتار کر کے 1640 گرام چرس، گٹکا ماوا کے 3950 پیکٹ، 91 کلو گٹکا بنانے کا مواد، وافر مقدار میں دیسی شراب برآمد کی گئی۔ شرجیل میمن نے کہا کہ ایکسائز اور پولیس کے افسران کی لگن اور بہادری کو سراہتا ہوں، منشیات کی اسمگلنگ اور دیگر مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث ملزمان قانون کی گرفت میں لائے جائیں گے ۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں