سکھر:فریج،ٹی وی ودیگر اشیا کی گارنٹی کے نام پر عوام سے دھوکہ

سکھر:فریج،ٹی وی ودیگر اشیا کی گارنٹی کے نام پر عوام سے دھوکہ

سکھر (نمائندہ دنیا) معروف الیکٹرک اور دیگر گھریلو اشیا تیار کرنے والی کمپنیوں نے صارفین کو وارنٹی کے نام پر دھوکہ دینا شروع کردیا ، ڈیلرز سمیت نجی کمپنیوں کے سروس سینٹرز نے صارفین کے فون اٹھانا بند کر دئیے ، جبکہ ڈیلرز اور دکاندار کمپنیوں پر ذمہ داری عائد کر کے جان چھڑانے لگے ۔

تفصیلا ت کے مطابق سکھر اور گرد و نواح میں ڈیلرز اور دکاندار مختلف معروف کمپنیوں کی الیکٹرک اور گھریلو اشیا جن میں فریج ، ٹی وی سمیت دیگر مصنوعات شامل ہیں، صارفین کو فروخت کرتے وقت وارنٹی اور گارنٹی دینے کے بلند بانگ دعوے کرتے ہیں اور جب صارف اشیا خراب ہونے کے بعد دکاندار یا ڈیلر کے پاس جاتا ہے تو اسے کمپنی کا نمبر دیکر واپس بھیج دیا جاتا ہے اور کہا جاتا ہے آپ خود متعلقہ کمپنی سے رابطہ کریں، ہم کچھ نہیں کرسکتے ، جب کمپنیوں کے نمبرز پر رابطہ کیا جاتا ہے تو وہاں کا عملہ فون اٹھانے کی بھی زحمت گوارہ نہیں کرتا، جس کی وجہ سے سکھر اور گرد ونواح کے سیکڑوں شہری وارنٹی اور گارنٹی کے نام پر پریشانی کا شکار ہیں۔ایوب گیٹ کے رہائشی ندیم قریشی نے بتایا کہ میں نے فریج خریدا جو وارنٹی اور گارنٹی سے چار ماہ قبل ہی خراب ہو گیا، 2 ماہ سے بار بار دکاندار اور ڈیلر سے رابطہ کر رہا ہوں لیکن کوئی بھی ذمہ دار ی لینے کو تیار نہیں ، نہ ہی کمپنی کے نمائندے فون اٹھا رہے ہیں۔ دوسری جانب شہریوں نے حکام سے نوٹس لیکر ناقص مصنوعات فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں