پڈعیدن :بڑھتی بدامنی کے خلاف تاجروں، دکانداروں کی ہڑتال

پڈعیدن :بڑھتی بدامنی کے خلاف تاجروں، دکانداروں کی ہڑتال

پڈعیدن (نمائندہ دنیا ) مہران ہائی وے پر جلال جی اسٹاپ پر بڑھتی بدامنی کے خلاف تاجروں اور دکانداروں نے شٹر ڈاؤن ہڑتال کرکے ہائی وے پر ٹائر نذرآتش کرکے کراچی، حیدرآباد،نوابشاہ،سکھر سمیت دیگر شہروں کو آنے جانے والی ٹریفک کو معطل کردیا۔

جس کے باعث شاہراہ کے دونوں جانب گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں، مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ جے یو آئی کے رہنما مولانا نصیر احمد سولنگی،سیٹھ مختیار مجیدانو سمیت دیگر کی قیادت میں شہریوں کی بڑی تعداد نے احتجاجی مظاہرے میں شرکت کی۔ مظاہرین نے بتایاکہ گزشتہ شب مسلح ڈاکووں نے ہمیں یرغمال بناکر 6 لاکھ روپے ،موبائل فون اور دیگر قیمتی سامان سے محروم کر دیا،جبکہ چند روز قبل تاجر سیٹھ افضل سے لاکھوں روپے چھین لئے گئے تھے ، کوئی دن ایسا نہیں گزرتا جب مسافروں، تاجروں اور دکانداروں سے لوٹ مار نہ کی جاتی ہو،مہران ہائی وے ڈاکووں کے لئے بہت آسان ہدف ہے ، شام ہوتے ہی ڈاکو اور جرائم پیشہ عناصر کھلے عام دندناتے پھرتے ہیں،وارداتوں کی اطلاع متعلقہ پولیس کو دی جاتی ہے مگر کوئی شنوائی نہیں ہوتی۔ مظاہرین نے آئی جی سندھ، ڈی آئی جی سکھر اور ایس ایس پی خیرپور سے مطالبہ کیا کہ مہران ہائی وے پر کوٹ لاکو تھانے کی حددو میں عوام کو تحفظ فراہم کیا جائے ،بصورت دیگر سخت احتجاج پر مجبور ہونگے ۔ بعد ازاں کوٹ لالو پولیس کی یقین دہانی پر احتجاج ختم کردیا گیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں