وزیرتعلیم کی پرائمری اسکولز اپ گریڈ کرنے کی ہدایت

وزیرتعلیم کی پرائمری اسکولز اپ گریڈ کرنے کی ہدایت

کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیر تعلیم و معدنیات سندھ سید سردار علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ میں آئندہ تعلیمی سال کو اسکولوں میں سائنس کی تعلیم کی اہمیت کے طور پر منایا جائے گا، انہوں نے مزید ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے۔۔

 کہ سندھ میں پرائمری اسکولز کو مرحلہ وار اپ گریڈ کر کے ایلیمنٹری اسکولز میں تبدیل کیا جائے تا کہ اسکول ڈراپ آؤٹ تناسب کو کم کرنے کے ساتھ بچیوں کو تعلیم جاری رکھنے میں مدد مل سکے ۔ یہ بات انہوں نے سندھ ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہو ئے کیا، اس موقع پر سیکریٹری تعلیم سندھ زاہد علی عباسی، منیجنگ ڈائریکٹر سندھ ایجوکیشن فاؤنڈیشن عبدالکبیر قاضی، ڈپٹی ڈائریکٹرز و دیگر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں سندھ ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے حوالے سے مجموعی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا، صوبائی وزیر کو آگاہی دی گئی کہ ایس ای ایف کے تعاون سے سندھ میں 2566 اسکولز چلائے جا رہے ہیں جن میں 8 لاکھ 74 ہزار سے زائد بچے اور بچیاں تعلیم حاصل کر رہے ہیں، سیف کے اسکولوں میں 670 پرائمری، 1323 ایلمنٹری، 174 ہائی اسکولز، 295 سیکنڈری اور 58 ہائر سیکنڈری اسکولز شامل ہیں، اجلاس میں بتایا گیا کہ سندھ ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے تحت چلنے والے اسکولز میں 40 فیصد اسٹوڈنٹس لڑکیاں ہیں۔ سید سردار علی شاہ نے کہا کہ ہم اپنے بچوں کو جدید دنیا کے ساتھ مقابلے میں اس وقت تک کھڑا نہیں کر سکتے جب تک وہ سائنسی تعلیم کے میدان میں آگے نہ آئیں۔ 

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں