این آئی سی وی ڈی دنیا کا بڑا ہیلتھ کیئر نیٹ ورک بن گیا

این آئی سی وی ڈی دنیا کا بڑا ہیلتھ کیئر نیٹ ورک بن گیا

کراچی (اسٹاف رپورٹر) قومی ادارہ برائے امراضِ قلب دنیا کا سب سے بڑا کارڈیک ہیلتھ کیئر نیٹ ورک بن چکا ہے ،این آئی سی وی ڈی کراچی، اس کے سیٹلائٹ سینٹرز اور چیسٹ پین یونٹس میں سالانہ 24لاکھ مریضوں کو بالکل مفت علاج فراہم کیا جارہا ہے ۔

این آئی سی وی ڈی کے ایگزیکٹوِ ڈائریکٹر پروفیسر طاہر صغیر نے بتایا کہ پہلے صرف ایک اسپتال تھا مگر اب اس کے 10اسپتال پورے صوبہ سندھ میں فعال ہیں ، جو مریضوں کو دل کی جدید ترین خدمات بالکل مفت فراہم کر رہا ہے ۔اسپتالوں میں انجیوگرافی، انجیوپلاسٹی، ہارٹ بائی پاس، لیبارٹری، ریڈیالوجی، اوپی ڈی، ایکوکارڈیوگرافی اور دیگر سہولیات شامل ہیں۔مزید برآں ہارٹ اٹیک کے مریضوں کو فوری طبّی امداد کی فراہمی کے لیے سندھ بھر میں 29چیسٹ پین یونٹس قائم کیے گئے ہیں،اب تک ان یونٹس میں 13لاکھ سے زائد مریضوں کو بالکل مفت علاج فراہم کیا گیا ہے ۔مجموعی طور پر، این آئی سی وی ڈی کراچی، اس کے سیٹ لائٹ سینٹرز اور چیسٹ پین یونٹس میں سالانہ 24لاکھ مریضوں کو بالکل مفت علاج فراہم کیا جارہاہے ، جن میں 20ہزار سے زائد پرائمری انجیوپلاسٹی، 10ہزار الیکٹو اور ارلی انویسو انجیوپلاسٹیز شامل ہیں، اور ہر سال 4ہزار 5سو سے زائد ہارٹ بائی پاس سرجریز سرانجام دی جاتی ہیں، جس میں بچوں کی سرجریز بھی شامل ہیں۔پروفیسر طاہر صغیر کا مزید کہنا تھا کہ کراچی اور ٹنڈو محمد خان میں فالج کا جدید علاج متعارف کرایا گیا ہے ، جس کی بدولت 300سے زائد مریضوں کو زندگی بھر کی معذوری سے بچایا گیا۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں