مویشیوں کی آمد سے متعلق مسائل حل کرلیں گے ،سعیدغنی

مویشیوں کی آمد سے متعلق مسائل حل کرلیں گے ،سعیدغنی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر بلدیات، ہائوسنگ ٹائون پلاننگ و پبلک ہیلتھ انجینئرنگ سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ کے ایم سی، گڈاپ اور ابراہیم حیدری ٹائون کے مابین مویشیوں کی کراچی میں آمد پر ان کو ہیلتھ سرٹیفکیٹ کے اجراء، جانوروں کی وینچینگ و سلاٹر سمیت دیگر مسائل کو قانون کے تحت افہام و تفہیم سے حل کرلیا جائے گا۔

 معزز عدلیہ کے احکامات کی روشنی میں صوبائی لوکل گورنمنٹ کمیشن اس معاملہ کے تمام پہلوؤں کاجائزہ لے رہا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کوصوبائی لوکل گورنمنٹ کمیشن کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری لوکل گورنمنٹ سید خالد حیدر شاہ، میئرکراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب، سیکریٹری قانون، ارکان صوبائی لوکل گورنمنٹ کمیشن، ڈائریکٹر کمیشن، ابراہیم حیدری ٹائون نظیر بھٹو، چیئرمین گڈاپ ٹائون طارق بلوچ، دونوں ٹائونز کے میونسپل کمیشنرز و دیگر نے شرکت کی۔اجلاس میں میئر کراچی اور دونوں ٹائونز کے چیئرمینوں نے اپنے اپنے موقف کو صوبائی وزیر و چیئرمین کمیشن کے سامنے رکھا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا کہ ہم معزز عدلیہ کے احکامات کی روشنی میں کے ایم سی اور ٹائونز کے مابین اس تنازعہ کو جلد ہی حل کرلیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے تمام معاملہ کو قانونی اور حقائق کو سامنے رکھتے ہوئے سنا ہے اور ہماری کوشش ہوگی کہ تمام فریقین کے باہمی مشاورت سے قانون کو مدنظر رکھتے ہوئے افہام تفہیم سے حل کیا جائے ۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں