میٹر ک امتحانات :سکھر میں 86طلبا نقل کرتے پکڑے گئے

 میٹر ک امتحانات :سکھر میں 86طلبا نقل کرتے پکڑے گئے

سکھر،گھوٹکی(نمائندگان دنیا)سکھر میں نویں اور دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات جاری ہیں۔ تشکیل دی گئی ٹیموں نے مختلف امتحانی مراکز کا دورہ کیا اور اضلاع میں 86 کاپی کیسز پکڑلیے ۔

 اس موقع پر متعدد امتحانی مراکز میں سہولتوں کا فقدان پایاگیا، کئی مراکز میں بجلی و روشنی کا نامناسب انتظام تھا ،جس سے طلبا کو پریشانی کاسامنا کرنا پڑا ۔ تفصیلات کے مطابق سکھر کے ثانوی و اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کے زیر انتظام نویں اور دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات کیلئے سکھر، خیرپور اور گھوٹکی اضلاع میں دو سو سے زائد امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں جہاں پر نویں اور دسویں کے ایک لاکھ 5 ہزار 73 طلبائامتحان دے رہے ہیں ،امتحانات کے دوسرے روز دسویں جماعت کا کیمسٹری کا پرچہ لیا گیا۔چیئرمین تعلیمی بورڈ سکھر رفیق احمد پلھ سمیت دیگر تشکیل کردہ مختلف ٹیموں نے اچانک امتحانی مراکز کے دورے کیے اور انتظامات کا جائزہ بھی لیا۔ اس موقع پر گھوٹکی میں 20، خیرپور میں 60، سکھر میں 6 کاپی و دیگر کیسز پکڑے گئے ۔ کنٹرولر آف ایگزامنیشن عبدالفتح مہر کے مطابق پکڑے گئے 86کیسز کی رپورٹ متعلقہ تعلیمی اداروں و اعلیٰ افسران کو روانہ کر دی گئی ہے۔ گھوٹکی میں میٹرک امتحانات کے دوران کاپی کلچر کے خلاف کارروائیوں کا فیصلہ کرلیاگیا، دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ایکشن ہوگا۔ اسسٹنٹ کمشنرز کو روزانہ کی بنیاد پر مراکز کا دورہ کرکے رپورٹ فراہم کرنے کی ہدایات جاری کردی گئی۔ ڈپٹی کمشنر گھوٹکی ڈاکٹر سید محمد علی نے ضلع کے تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور تحصیلداروں کو ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنی اپنی تحصیل میں روزانہ کی بنیاد پر امتحانی مراکز کا دورہ کرکے کاپی کلچر کے خلاف مؤثر اقدامات کریں۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں