عالمی یوم صحافت پر سندھ بھر میں ریلیاں اور تقاریب کاانعقاد

 عالمی یوم صحافت پر سندھ بھر میں ریلیاں اور تقاریب کاانعقاد

سکھر،اندرون سندھ(نمائندگان دنیا)عالمی یوم صحافت پر سندھ بھر میں ریلیاں اور تقاریب کاانعقاد کیاگیا۔تفصیلات کے مطابق سکھر پریس کلب میں عالمی یوم آزادی صحافت شہید صحافی جان محمد مہر سمیت دیگر شہداء صحافت کے نام پر منایا گیا۔

اس حوالے سے سکھر پریس کلب میں ‘‘آزادی صحافت کے تقاضے ’’کے عنوان سے سیمینار منعقد ہوا جبکہ پریس کلب کے سامنے شہید جان محمد مہر سمیت دیگر شہدائے صحافت کے قاتلوں کی عدم گرفتاری کے خلاف احتجاج کیا گیا۔ مظاہرین میں صحافیوں، وکلاء برادری سمیت سول سوسائٹی کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ پنگریو میں صحافت کے عالمی دن پر شہید جان محمد مہر کے قاتلوں کی گرفتاری اور سندھ کے صحافیوں کے تحفظ کے لیے پریس کلب کے سامنے ریلی نکالی گئی جس کی قیادت پریس کلب پنگریو کے صدر اشرف شورو، نورحسن ،علی مرادشاہ نے کی ،ریلی ٹاؤن کمیٹی چوک سے شروع ہوئی اور پریس کلب پراختتام پذیر ہوئی۔ کنری میں بھی صحافت کے عالمی دن کے موقع پر شہید جان محمد مہر کے قاتلوں کی عدم گرفتاری کیخلاف صحافیوں، وکلاء، سول سوسائٹی اور مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں اور کارکنوں نے احتجاجی ریلی نکالی ۔ احتجاجی ریلی اللہ والا چوک اور مختلف راستوں سے ہوئی نیشنل پریس کلب کنری پہنچی جہاں شرکاء نے مظاہرہ کیا اور شدید نعرے بازی کی۔ جھڈو میں عالمی یوم صحافت کے موقع پر جھڈو پریس کلب میں اجلاس منعقد ہوا جس میں عبدالسلام شیخ ، رشید احمد قائم خانی ،ظہیر بشیر قائم خانی سمیت دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں شریک صحافیوں نے کہا کہ صحافتی شعبے سے وابستہ افراد کو فرائض کی ادائیگی میں سماج دشمن عناصر کی جانب سے شدید خطرات لاحق ہیں۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں