مرکزی مسلم لیگ کا اسٹریٹ کرائم کے خلاف احتجاج

مرکزی مسلم لیگ کا اسٹریٹ کرائم کے خلاف احتجاج

کراچی (اسٹاف رپورٹر )پاکستان مرکزی مسلم کراچی کے تحت شہر میں بڑھتے ہوئے اسٹریٹ کرائم کے خلاف درجنوں مقامات پر مظاہرے کیے گئے ۔مظاہروں میں شہریوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔

مظاہرین نے حکومت اورامن امان برقرار رکھنے والے اداروں کی ناقص کارکردگی کے خلاف شدید نعرہ بازی کی اور اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ آئے روز ڈکیت عوام کی جان ومال سے کھیل رہے ہیں ۔کراچی میں کوئی گھرانہ ایسا نہیں جو رہزنوں کے ظلم کا شکار نہ ہوا ہو۔حکمران آپس کی لڑائیوں ،سیاسی مفادات اور انتقامی کارروائیوں سے نکل کر عوام کو ڈاکوؤں سے تحفظ فراہم کریں ۔مظاہروں سے مرکزی مسلم لیگ کراچی کے صدراحمدندیم اعوان ، رہنماامجداسلام ،انجینئر نعمان علی و علاقائی ذمہ داران نے گفتگو کی ۔مظاہروں سے خطاب کرتے ہو ئے مقررین کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کی نااہلی نے کراچی کو جرائم کا گڑھ بنا دیا ہے ۔شہر میں چوری ڈکیتی اور رہزنی کی بڑھتی ہوئی وارداتیں پولیس کی نااہلی اور ناکامی کی علامت ہے ۔ عوام کے جان و مال کو کوئی تحفظ نہیں ۔ تمام اداروں کی موجودگی میں جرائم پیشہ عناصر دیدہ دلیری سے اپنی لوٹ مار میں مصروف ہیں۔آئی جی سندھ کہتے ہیں کہ 354ایسے کباڑیے ہیں جہاں چوری کے سامان کی خریدوفروخت ہوتی ہے ۔ہم کہتے ہیں کہ جرائم کے اڈوں کا علم رکھنے کے باوجود کیوں اقدامات نہیں کیے جاتے ۔پولیس سب کچھ جانتے ہوئے بھی جرائم کے اڈوں کو کیوں ختم نہیں کرتی؟۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں