پولیس کارروائیاں گٹکے ماوے تک محدود،شہر میں ایرانی پٹرول و ڈیزل کی فروخت بد ستور جاری

پولیس  کارروائیاں  گٹکے  ماوے  تک محدود،شہر میں  ایرانی  پٹرول و ڈیزل  کی  فروخت  بد ستور  جاری

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)اورنگی ٹاؤن ،منگھوپیر،سرجانی ٹاؤن،نیوکراچی اوربلدیہ ٹاؤن میں کھلے عام ایرانی پٹرول وڈیزل کی فروخت جاری ہے ۔

عدالتی احکامات پر ویسٹ زون پولیس نے گٹکامافیا کے خلاف تو بھر پور کارروائیاں شروع کی ہوئی ہیں تاہم ایرانی ڈیزل وپٹرول فروخت کرنے والی مافیا کو کھلی چھوٹ دیدی، جس کے بعد ویسٹ زون کے تھانہ اورنگی ٹاؤن ،مومن آباد ،اقبال مارکیٹ ،پاکستان بازار،منگھوپیر ،سرجانی ٹاؤن ،نیوکراچی اوربلدیہ ٹاؤن میں کھلے عام ایرانی پٹرول وڈیزل کی فروخت جاری ہے ۔اس ضمن میں پولیس کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ویسٹ زون پولیس کو جو آمدنی گٹکا اور ماوا کے کارخانوں سے ہوتی تھی وہ بند ہوجانے کے باعث ایرانی ڈیزل وپٹرول فروخت کرنے والوں کو کھلی چھوٹ دی گئی ہے ،جس سے قومی خزانے کو یومیہ کروڑوں کانقصان ہورہا ہے لیکن ویسٹ زون پولیس کی آمدنی میں کوئی کمی نہیں آئی ہے ۔واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے سختیوں کے بعد بھی حب سے کچے کے راستے کراچی میں ایرانی پٹرول وڈیزل کی اسمگلنگ جاری ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایرانی پٹرول وڈیزل کے اسمگلنگ میں مبینہ طور پر پولیس ودیگر سرکاری اداروں کے افسران واہلکار ملوث ہیں اور ان سرکاری ملازمین کی ملی بھگت سے روزانہ 25سے زائدایرانی پٹرول و ڈیزل کے ٹینکر بلوچستان سے کراچی آتے ہیں،اور حب ریورروڈ، ناردرن بائی پاس کے راستے دیگر مقامات پر پہنچائے جاتے ہیں۔ ذرائع نے مزید دعویٰ کیا کہ سرکاری افسران واہلکارفی لٹر 1 ہزار روپے رشوت وصول کرتے ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں