گھوٹکی:دیرینہ تنازعے پر نوجوان اغوا ء کے بعد بیدردی سے قتل
گھوٹکی(نمائندہ دنیا)گھوٹکی کے علاقے قادر پور میں قبائلی تصادم کے دوران ایک شخص جاں بحق اور پانچ زخمی ہوگئے ۔واقعہ سندرانی اور ساوند قبائل میں جاری دیرینہ دشمنی کے باعث پیش آیا۔
تفصیلات کے مطابق گھوٹکی کے علاقے قادرپور میں ساوند اور سندرانی قبیلے کے درمیان جاری دیرینہ تنازعہ کے باعث سندرانی قبیلے کے مسلح افراد نے حملہ کرکے پانچ افراد کو زخمی کردیا جبکہ ایک نوجوان بہران ساوند کو اغوا کرنے کے بعد بیدردی سے قتل کردیا گیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ گاؤں غلام مصطفی ساوند میں پیش آیا ۔ واقعہ کے بعد پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور زخمی ہونے والے افراد کو اسپتال منتقل کیا گیا۔ قبائلی جھگڑے میں چند ماہ کے دوران دونوں قبائل کے 23 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔