سندھ حکومت کی یونیورسل ہیلتھ کوریج کی جانب پیش قدمی

سندھ حکومت کی یونیورسل ہیلتھ کوریج کی جانب پیش قدمی

کراچی ( آن لائن) یونیورسل ہیلتھ کوریج ہر فرد کی صحت کی بہتری کے تصور کو فروغ دیتی ہے ۔ سندھ حکومت نے پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کے تحت اس جانب اہم پیش رفت کی ہے ۔

 سندھ میں کوئی بھی بچہ اعلیٰ معیار کی طبی ایمرجنسی خدمات تک تیس منٹ میں رسائی حاصل کرسکتا ہے ۔ اسی طرح امراض قلب کے معیاری طبی مرکز تک پہنچنے میں 90منٹ سے زیادہ نہیں لگتے ۔ یہ بات چائلڈ لائف فاؤنڈیشن کے سی ای او ڈاکٹر احسن ربانی نے ہیلتھ کیئر ایکسپو اینڈ کانفرنس 2024 کے موقع پر یونیورسل ہیلتھ کوریج کے بارے میں سیشن میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہی۔سال 2011سے حکومت سندھ اور چائلڈ لائف فاؤنڈیشن پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ کو مضبوط بناتے ہوئے سندھ کے 60لاکھ بچوں کو اعلیٰ معیار کی طبی ایمرجنسی دیکھ بھال مفت فراہم کرچکے ہیں۔بچوں کی صحت کی بہتری ہماری اولین ترجیح ہے اور اس مشترکہ کوشش سے سندھ میں بچوں کی شرح اموات کو کم کرنے میں نمایاں مدد ملی ہے ۔ یونیسف کے سپورٹ کردہ ایم آئی ایس سی سروے 2021کے مطابق سندھ میں بچوں کی شرح اموات پانچ سال کے عرصے میں ایک ہزار بچوں میں 104کے تناسب سے کم ہوکر 46کی سطح پر آچکی ہے ۔ اس شراکت داری کے تحت چائلڈ لائف کے ٹیلی میڈیسن نیٹ ورک کو سندھ کی ہر تحصیل کی سطح تک پھیلایا گیا ہے ۔یونیورسل ہیلتھ کوریج ایک بنیادی انسانی حق ہے جو اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ تمام افراد کو مالی مشکلات کا سامنا کیے بغیر معیاری صحت کی خدمات تک رسائی حاصل ہو۔معیاری صحت کی دیکھ بھال کی خدمات تک رسائی کو بڑھانے ، شرح اموات کو کم کرنے ، افراد اور گھرانوں پر مالی بوجھ کو کم کرنے کے لیے باہمی تعاون کی کوششیں بہت اہم ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں