صدر رئیسی گہرے وژن کے رہنما تھے ،شرجیل میمن

صدر رئیسی گہرے وژن کے رہنما تھے ،شرجیل میمن

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے جمعے کو کراچی میں ایرانی قونصل خانے پہنچ کر ایرانی قونصل جنرل حسن نورین سے ملاقات کی۔ ملاقات میں ضلع کونسل ٹنڈو محمد خان کے چیئرمین قاسم نوید قمر اور پیپلز پارٹی کے رہنما راول شرجیل میمن بھی شریک تھے ۔

ملاقات کے دوران سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے روح کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی اور دعا کی اور ایرانی قونصلر حسن نورین سے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے انتقال پر دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ ملاقات کے موقع پر شرجیل انعام میمن نے خطے میں امن و امان اور دیگر کاوشوں پر مرحوم ایرانی صدر کو خراج تحسین پیش کیا ۔ اس موقع پر سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں، صدر ابراہیم رئیسی کے خاندان اور ایران کے عوام سے گہری ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پڑوسی ممالک کے درمیان امن اور تعاون کو فروغ دینے میں صدر رئیسی کے کردار کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ صدر رئیسی علاقائی سیاست میں گہرے وژن کے رہنما تھے ۔ ان کا نقصان نہ صرف ایران بلکہ خطے کے لیے بڑا دھچکا ہے ۔ سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ صدر رئیسی نے ایک متحد اور تعاون پر مبنی خطے کے لیے اپنے وژن کی ایک پائیدار میراث چھوڑی ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں