پولیس مقابلوں میں 8زخمیوں سمیت 16ملزمان گرفتار

پولیس مقابلوں میں 8زخمیوں سمیت 16ملزمان گرفتار

کراچی(اسٹاف رپورٹر)شہر قائد میں پولیس مقابلوں میں8 زخمیوں سمیت 16 ملزموں کو گرفتارکرکے اسلحہ ،موٹرسائیکلیں،موبائل فونز اورنقدی برآمد کرلی گئی۔

تفصیلات کے مطابق ناظم آباد پولیس نے ناظم آباد نمبر 4 گجر نالہ کے قریب مبینہ مقابلے کے بعد 2 زخمی سمیت 6 ڈاکوؤں کو گرفتار کر لیا ۔ گرفتار ملزمان کی شناخت محمد معاویہ اور امتیاز علی کے نام سے کی گئی جب کہ دیگر گرفتار ملزمان نے اپنے نام عبد الجبار ، منظور احمد ، علی شیر اور عبادالرحمان بتائے ۔گرفتار ملزمان سے 3 پستول بمعہ گولیاں ، 18 چھینے گئے موبائل فونز ، ہزاروں روپے نقدی اور 2 موٹرسائیکلیں برآمد کی گئی ۔سرسیدٹاؤن پولیس نے شاہ محمد قبرستان گیٹ نمبر 3 نارتھ کراچی میں مبینہ مقابلے کے بعد ایک ڈاکو محمد حسین کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔ نیو کراچی انڈسٹریل ایریا پولیس نے مبینہ مقابلے میں 2 زخمی ملزمان مجاہد گوپانگ اور محمد کاشف اوران کے دو ساتھیوں محمد عارف اور محمد ذیشان کوگرفتارکرلیا۔ادھر شاہراہِ نورجہاں پولیس نے نارتھ ناظم آباد کے ڈی اے گراؤنڈ کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں ایک زخمی سمیت3 ڈاکوؤں کو گرفتار کر لیاجب کہ جمشید کوارٹر پولیس نے کشمیر روڈ کٹ جیل چورنگی کے قریب مبینہ مقابلے کے بعد ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا ، جسے طبی امداد کے لیے سول اسپتال منتقل کیا گیا، گرفتار ملزم کی شناخت ناصر ولد بختیار کے نام سے کی گئی ، جس سے ایک پستول بمعہ گولیاں ، موبائل فون ، نقدی اور موٹرسائیکل برآمد کی گئی ۔سچل پولیس نے اے جی سندھ سوسائٹی کے قریب سادی ٹاو ن میں مبینہ پولیس مقابلے میں ایک زخمی ملزم رئیس خان ولد لطیف خان کو گرفتارکرکے قبضے سے ایک پستول بمعہ راؤنڈ برآمد کرلیے ،جسے طبی امد اد کیلئے اسپتال منتقل کیا گیا،جبکہ اس کا ساتھی موقع سے فرار ہو گیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں