سندھ لیبرکوڈ مسترد ،مزدوردشمن قانون سازی قرار

سندھ لیبرکوڈ مسترد ،مزدوردشمن قانون سازی قرار

کراچی(اسٹاف رپورٹر) امیرجماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی نے لیبرکوڈ کومسترد اور اسے مزدوردشمن قانون سازی قراردیتے ہوئے زوردیا ہے کہ حکومت سندھ اس حوالے سے مزدور رہنماؤں کو اعتماد میں لے ،محنت کش طبقہ ملک کاقیمتی سرمایہ ہے ملک کی تعمیروترقی میں ان کا بڑاکردار ہے۔

 محنت کش طبقے کے ساتھ ناانصافی قابل قبول نہیں ہے ،لیبرکوڈ تجاویز سرمایہ دارانہ نظام کومزیدطاقتور، مزدوروں کو لاوارث ،ٹریڈیونینز کی حوصلہ شکنی اورانکا گلاگھونٹنے کے مترادف ہے ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے نیشنل لیبرفیڈریشن سندھ کے صدرشکیل احمد شیخ کی قیادت میں ملاقات کرنے والے وفد سے بات چیت کے دوران کیا۔صوبائی امیرنے مزید کہاکہ عوامی جمہوری پارٹی ہونے کی دعویدار پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت کی جانب سے مزدوردشمن قانون سازی کے اقدامات لمحہ فکریہ ہیں۔سندھ لیبر کوڈ کو تمام فیڈریشنز نے بھی مشترکہ طور پر مسترد کردیا ہے ۔جماعت اسلامی مظلوموں کے ساتھ اورمزدوردشمن لیبرکوڈکے اقدام کے خلاف محنت کشوں کے ساتھ ہے ۔ لیبر کوڈ کا مسودہ مزدوروں کے نمائندوں کی مشاورت سے تیار نہیں کیا گیا ہے۔ اگر محنت کشوں سے متعلق کوئی قانون سازی کرنی تھی تو لیبر اسٹینڈنگ کمیٹی کے سامنے اس کو پیش کیا جاتا۔شکیل احمد شیخ نے کہاکہ لیبر کوڈ کے نام پرمحنت کش طبقہ کااستحصال کرکے ٹھیکیداری نظام کو مسلط کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں