بارشوں سے قبل چاکنگ پوائنٹس کی نشاندہی کرلی گئی ،میئر

بارشوں سے قبل چاکنگ پوائنٹس کی نشاندہی کرلی گئی ،میئر

کراچی (این این آئی)میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ کوشش ہوگی کہ شہریوں کو برسات کے دوران کم سے کم تکالیف کا سامنا ہو۔

میئر نے منظور کالونی، قیوم آباد، ماڑی پور، سخی حسن اور پاپوش نگر اور کے ڈی اے چورنگی سمیت دیگر برساتی نالوں کا دورہ کیا۔انہوں نے کہا کہ نالوں کی صفائی کا آغاز کردیا گیا ہے امید ہے کہ مون سون سیزن سے قبل صفائی کے کاموں کو مکمل کرلیا جائے گا۔ چاکنگ پوائنٹس کی نشاندہی کرلی گئی ہے اور ترجیحی بنیادوں پر ان کی صفائی کی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ کراچی کے 38 بڑے نالوں کی صفائی کے ایم سی مکمل کرے گی جبکہ مختلف علاقوں میں واقع 500 سے زائد چھوٹے نالوں کی صفائی کا کام ٹاؤن میونسپل کارپوریشنز کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ مون سون سیزن میں شہریوں کو تکالیف کا سامنا نہ ہو اور برساتی پانی کی نکاسی کا عمل تیزی سے مکمل ہونا چاہئے اس کے علاوہ مین شاہراہوں سے برساتی پانی کو فوری صاف کرنے سے ٹریفک کی روانی برقرار رہے گی۔انہوں نے متعلقہ ادارے کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ مون سون سیزن میں توقع سے زیادہ بارشوں کا امکان ہے جس کے لیے متعلقہ افسران و عملے کو فعال اور متحرک رکھا جائے جبکہ برسات کے دوران متعلقہ افسران اور عملہ سڑکوں پر نظر آنا چاہئے ۔میں خود تمام عمل کی نگرانی کروں گا اور کوشش ہوگی کہ شہریوں کو برسات کے دوران کم سے کم تکالیف سامنا ہو۔ دورہ کے موقع پر میونسپل کمشنر افضل زیدی، متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں