طبی سہولتیں دہلیز پر پہنچانے کیلئے ایپ لانچ کرنے کا اعلان

طبی  سہولتیں   دہلیز  پر  پہنچانے  کیلئے  ایپ لانچ کرنے  کا  اعلان

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک،ایجنسیاں )گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے طبی سہولیات لوگوں کے گھر کی دہلیز پر پہنچانے کیلئے ایپ لانچ کرنے کا اعلان کردیا۔گورنر سندھ نے یہ اعلان کراچی میں کھارادر جنرل اسپتال کے نیو گائنی بلاک کے افتتاح کے موقع پر کیا۔

کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ جلد ایک میڈیکل ایپ لانچ کرنے جارہے ہیں جس کے تحت لوگوں کو میڈیکل کی سہولت ان کے گھروں کی دہلیز پر میسر ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ 12ہزار بچوں کے لئے فری بریک فاسٹ شروع کرنے جارہے ہیں اور روزگار اسکیم کے تحت ان نوجوانوں کو رقم فراہم کریں گے جو اچھا بزنس پروپوزل بناکر لائیں گے ۔کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ پرائمری ایجوکیشن کمیشن بنانا وقت کی ضرورت ہے یہ ہمارا عزم ہونا چاہئے کہ ہم اپنے وطن اپنے صوبہ اور اپنے شہر کے لئے ہر ممکن کام کریں گے ۔بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ کھارا در اسپتال اپنے نظریہ کے مطابق مستحقین کو مفت علاج کی سہولت بھی فراہم کررہا ہے جو عوام کو درپیش مسائل میں ایک سہولت کے مترادف ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ اسپتال خودمختار ہے مگر حکومت کو ان جیسے اسپتالوں سے بھرپور تعاون کرنا چاہئے ۔گورنر سندھ نے کہا کہ اس اسپتال میں 25 فیصد مفت علاج کیا جاتا ہے اگر اس اسپتال کو کچھ فنڈز ملیں تو یہ 40 فیصد تک مریضوں کو مفت علاج فراہم کرسکتا ہے ۔ انہوں نے اسپتال کے صدر محمد بشیر جان محمد اورچیئرمین پروفیسر عبدالغفار بلوکی اعلیٰ انسانی خدمات پر مبارکباد پیش کی ۔ اسپتال کے صدر محمد بشیر جان محمد نے کہاکہ کھارادر جنرل ہسپتال کے ڈاکٹرز، نرسز،مینجمنٹ اور عملہ پیشہ ورانہ اصولوں سے ہم آہنگ ہو کرانسانی خدمات کا فریضہ انجام دے رہا ہے ۔علاوہ ازیں گورنر سندھ سے دارالسکون کی انچارج فضیلری عنایت نے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی جس دوران معذور بچوں اور بزرگوں کی کفالت،دارالسکون کو درپیش مشکلات سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر نے کہا کہ فلاحی اداروں کو ہر ممکن تعاون و مدد اور معاونت فراہم کریں گے ، معذور بچوں اور بزرگوں کی دیکھ بھال عظیم فریضہ ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں