سالڈ ویسٹ بورڈ ٹاؤن کی سطح پر تقسیم کیا جائے ، ڈاکٹر فواد

سالڈ ویسٹ بورڈ ٹاؤن کی سطح پر تقسیم کیا جائے ، ڈاکٹر فواد

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) چیئرمین گلشن اقبال ٹاؤن ڈاکٹر فواد احمد نے مطالبہ کیا ہے کہ سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کو اضلاع کے بجائے ٹاؤن کی سطح پر تقسیم کیا جائے تاکہ کام میں بہتری آئے ۔

وہ نیپا چورنگی فلائی اوور کے نیچے پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ۔اس موقع پر ڈائریکٹر سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ ضلع شرقی ڈاکٹر فیاض احمد ،یوسی چیئرمین فیاض الہدیٰ وائس چیئرمین آصف عبدالکریم جماعت اسلامی کے ناظم علاقہ کامران چشتی دیگر منتخب نمائندے ٹی ایم سی اور سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے حکام بھی موجود تھے ۔ ڈاکٹر فواد احمد نے کہا کہ عید الاضحیٰ کے موقع پر آلائشوں کو اٹھانے کا کام ایک چیلنج تھا، سارے عملے نے گرمی اور عید کی چھٹیوں کے باوجود دن رات کام کیا ۔ گلشن اقبال ٹاؤن میں مجموعی طور پر 6 ہزار ٹن کچرا اٹھایا گیا ہے ، ہمارے ڈمپرز اور ٹریکٹر ٹرالیوں نے 250 چکر جام چاکرو لینڈ فل سائٹ پر کچرا ٹھکانے لگانے کے لیے لگائے ۔ پہلی بار گھروں کے اندر سے بھی آلائشیں اٹھائی گئی ہیں ۔ڈاکٹر فواد نے انکشاف کیا کہ اوجھڑی اٹھانے والی ایک مافیا عید پر سرگرم ہو جاتی ہے جو اوجھڑی پھاڑ کر سڑکوں پرگند پھیلاتی ہے انہوں نے مطالبہ کیا کہ ڈمپنگ پوائنٹس پر پولیس رینجرز تعینات کی جائے ، تاکہ اس مافیا کو گند پھیلانے سے روکا جاسکے ۔ گلشن اقبال ٹاؤن کو مثالی بنانے میں ہماری ٹیم کا اہم کردار ہے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں