بدترین لوڈشیڈنگ،کے الیکٹر ک سینٹر پر حملہ

بدترین  لوڈشیڈنگ،کے الیکٹر ک سینٹر پر  حملہ

کراچی(آن لائن ،مانیٹرنگ ڈیسک)شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی اور پانی کی عدم فراہمی پر عوام کی جانب سے احتجاج میں شدت آگئی ہے اور حکام کو مسائل حل نہ کرنے کی صورت میں احتجاج جاری رکھنے سے خبردار کردیا ہے ۔

ابوالحسن اصفہانی روڈ پر شہریوں نے کے الیکٹرک کسٹمز کیئر سینٹر پر حملہ کردیا، حملے کے بعد عملہ دفتر چھوڑ کر فرار ہوگیا۔ شہریوں کے شدید پتھراؤ کے باعث دفتر میں شیشے ٹوٹ گئے ۔بجلی کے ستائے شہریوں نے دونوں اطراف روڈ بلاک کردیا جس کے باعث ٹریفک جام ہوگیا۔شہریوں کی جانب سے کے الیکٹرک کیخلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔علاوہ ازیں گرومندر، لیاقت آباد، ابوالحسن اصفہانی روڈ، مدارس چوک، کورنگی ناصر جمپ، باغ کورنگی شاہ فیصل، بابر کانٹا کورنگی، مرتضیٰ چورنگی اور کورنگی گودام چورنگی کے قریب بجلی اور پانی کے ستائے ہوئے علاقہ مکینوں نے احتجاج کرتے ہوئے ٹریفک بلاک کر دی، جس کے نتیجے میں متاثرہ علاقوں میں ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہونے سے نظام درہم برہم ہوگیا۔ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کی وجہ سے عام شہریوں کو انتہائی اذیت ناک صورت حال کا سامنا کرنا پڑا۔بجلی اور پانی کی عدم فراہمی پر ہونے والے احتجاج کے دوران مظاہرین کی جانب سے کے الیکٹرک کی سفاکانہ لوڈشیڈنگ اور خود ساختہ کیبل فالٹس کے خلاف نعرے لگائے ۔

اس موقع پر مظاہرین نے حکومتی عہدیداروں سے مطالبہ کیا کہ شہریوں کو زندگی کی بنیادی سہولتیں بجلی، پانی اور گیس کی فراہمی میں اپنا کردار ادا کریں بصورت دیگر احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ مختلف سیاسی جماعتوں کے منتخب نمائندوں نے بھی پراسرار خاموشی اختیار کی ہوئی ہے ، الیکشن میں منتخب ہونے کے بعد عوام کی خدمت کے دعوے دار منظر سے غائب ہیں اور ایسا لگتا ہے کہ اپنی کامیابی کے بعد انہیں عوام کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں رہا۔انہوں نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے ٹریفک پولیس کا عملہ بھی موقع پر پہنچ گیا، جس کے بعد گاڑیوں کو متبادل راستوں کی جانب موڑ دیا گیا تاہم ٹریفک کے شدید دباؤ کی وجہ سے گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں جس کے باعث بدترین ٹریفک جام دیکھنے میں آیا۔مزید برآں شہرِ قائد کراچی میں شدید گرمی کے باوجود بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ جاری ہے ۔رات دو بجے کے بعد بھی متعدد علاقوں میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ جاری ہے ۔کراچی کے علاقے لیاری، کیماڑی، سرجانی، بلدیہ ٹاون اور اورنگی میں 12 سے 14 گھنٹوں جبکہ گذری، کورنگی، لانڈھی، لیاقت آباد میں بھی 10 گھنٹوں سے زائد کی لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے ۔ کراچی الیکٹرک کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بجلی کی فراہمی معمول کے مطابق ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں