کنڈیارو :بجلی چوری میں ملوث سیپکو کے 5ملازمین معطل

کنڈیارو :بجلی چوری میں ملوث سیپکو کے 5ملازمین معطل

کنڈیارو (نمائندہ دنیا) کنڈیارو میں بجلی چوری میں ملوث سیپکو کے 5 ملازم معطل کر دیا گیا، ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز رپورٹ کرنے کا حکم۔

ایگزیکٹو انجینئر سیپکو نوشہرو فیروز نے کنڈیارو شہر کے سٹی ٹو فیڈر کے انچارج لائن سپرنٹنڈنٹ سمیت 5 سیپکو ملازمین کو بجلی چوری میں ملوث ہونے کی شکایات پر معطل کردیا ہے ۔معطل ہونے والے ملازمین میں سٹی ٹو فیڈر کے انچارج لائن سپرنٹنڈنٹ محمد ایوب اجن،میٹر سپروائزر زاہد ملاح،لائن مین زاہد مہیسر، لائن مین زاہد گوپانگ اور لائن مین امین گوپانگ شامل ہیں۔سیپکو حکام کی جانب سے ملازمین کی معطلی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے ۔ ایگزیکٹو انجینئر سیپکو نوشہرو فیروز تاج محمد ماکو کی جانب سے جاری کردہ آرڈر کے مطابق مذکورہ پانچوں سیپکو ملازمین کو معطل کرکے تنکھا بند اور نوشہرو فیروز ہیڈکوارٹرز رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا ہے ۔ چند روز قبل ایم این ٹی کی ٹیموں نے شہر کے سٹی ون، سٹی ٹو فیڈرز پر کارروائیاں کرکے درجنوں غیر قانونی کنکشن منقطع کردیے تھے اور حکام بالا کو کارروائی کی سفارش کی تھی۔ذرائع کے مطابق معطل ملازمین نے بحالی اور اسی علاقے میں دوبارہ تعیناتی کے لئے سیاسی شخصیات سے رابطے شروع کر دئیے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں