ملکی مفادات پر اسٹیک ہولڈرز میں اتفاق ضروری، قیصر بنگالی

 ملکی مفادات پر اسٹیک ہولڈرز میں اتفاق ضروری، قیصر بنگالی

کراچی(اسٹاف رپورٹر) معروف ماہر اقتصادیات ڈاکٹر قیصر بنگالی نے کہا کہ ملکی دفاعی، سفارتی اور اقتصادی اہداف و مفادات پر تمام اسٹیک ہولڈرز میں اتفاق رائے قائم کرنے کی ضرورت ہے ،دنیا کے ترقی یافتہ ممالک میں یہی قدر مشترک ہے کہ وہاں معیشت اور ترقی میں تسلسل کے حوالے سے قومی اتفاق رائے موجود ہے ، چاہے حکومتیں آتی جاتی رہیں ۔

وہ بطور مہمان مقرر گزشتہ روز ہمدرد کارپوریٹ ہیڈ آفس میں منعقدہ ہمدرد شوریٰ کراچی کے ماہانہ اجلاس بعنوان ‘‘بجٹ 2024-2025 ،کیا تمام شعبوں سے انصاف کیا گیا؟’’میں اپنے خیالات کا اظہار کررہے تھے ۔اجلاس کی صدارت اسپیکر جنرل (ر)معین الدین حیدر نے فرمائی۔ہمدرد فائونڈیشن پاکستان کی صدر سعدیہ راشد بھی اجلاس میں شریک ہوئیں۔ ڈاکٹر قیصر بنگالی نے مزید کہاکہ 1977 سے پہلے ملکی ترقی کے حوالے سے قومی اتفاق رائے موجود تھا،لیکن بعد میں پاکستان کی غلط سمت طے کردی گئی۔ پاکستان کو چند طبقات کے مفادات کی خاطر چلایاجاتا رہا، جس کے منفی ثمرات آج ہم سب کے سامنے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حالیہ بجٹ میں غریب اور متوسط طبقے کیلئے کوئی مراعات نہیں رکھی گئی۔اراکین شوریٰ ظفر اقبال، کموڈور(ر)سدید انور ملک، سینیٹر عبدالحسیب خان، انجینئر ابن الحسن، کرنل(ر)مختار احمد بٹ، ڈاکٹر امجد جعفری، پروفیسر ڈاکٹر تنویر خالد اور عامر طاسین کا کہنا تھا کہ غریب اور متوسط طبقے کے لیے سب سے بڑا مسئلہ مہنگائی ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں