حکومت نے سرکاری اداروں کی لوٹ سیل لگادی ہے ، پاسبان
کراچی(آن لائن)پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے وائس چیئرمین عبدالحاکم قائد نے کہا ہے کہ حکومت نے سرکاری اداروں کی لوٹ سیل لگادی ہے ۔
ہر شعبہ پرائیویٹ سیکٹر میں دے کر حکمران موج مستی کرنا چاہتے ہیں۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ بنیادی ضروریات زندگی کی سہولت فراہم کرنا آئین کا بنیادی تقاضا ہے ۔ حکمران عوام سے صرف وصولیاں کر رہے ہیں، اس کے عوض کچھ دینے کیلئے تیار نہیں ہیں۔ حکومت شوق سے نجکاری کرے لیکن عوامی حقوق کی یقینی فراہمی کی ضمانت کون دے گا؟ ملکی مفاد میں نجکاری شفاف ہونا چاہیے ۔ ادارے بیچ کر کھا جانا کوئی عقلمندی نہیں ہے ۔ عبدالحاکم قائد نے کہا کہ اس پیسے سے عوامی مفاد کے منصوبے مکمل کرنے چاہئیں۔ ملک کا طاقتور طبقہ سیاست پارلیمنٹ اور حکمرانی پر قابض ہے ، یہی وجہ ہے کہ عوام کا کوئی پرسان حال نہیں ہے ۔