سپرہائی وے بس ٹرمینل کے توسیعی منصوبے پر کام شروع :شہر کے اندر غیر قانونی اڈے ختم کرینگے کمشنر

سپرہائی  وے بس  ٹرمینل  کے  توسیعی  منصوبے  پر  کام  شروع  :شہر  کے  اندر  غیر  قانونی  اڈے  ختم  کرینگے  کمشنر

کراچی (اسٹاف رپورٹر)شہر کے اندر غیر قانونی بس اڈوں کو ختم کیا جائے گا، اندر ون شہر سے چلنے والی انٹر سٹی بسوں کو نجی شعبے میں قائم سپر ہائی وے بس ٹرمینل پر منتقل کیا جائیگا۔

 اس سلسلے میں کمپنی نے ٹرمنل کے توسیعی منصوبہ پر کام شروع کر دیا ہے جس کی تفصیلات جمعہ کو کمشنر کراچی سید حسن نقوی کو ان کے ٹرمینل کے دورے پر دی گئیں ۔بس ٹرمینل کی توسیع سے شہر کے اندر مختلف مقامات سے چلنے والی بس کمپنیوں کو استعمال کر نے کی سہولت ملے گی اور شہر سے غیر قانونی بس اڈوں کا خاتمہ ہوگا۔مسافروں کی سہولت کیلئے مختلف علاقوں سے بس ٹرمینل پہنچنے کیلئے شٹل سروس چلائی جائے گی ۔جمعہ کو کمشنرکراچی سید حسن نقوی نے سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن اور ڈی آئی جی ٹریفک احمد نواز چیمہ کے ہمراہ سپر ہائی وے بس ٹرمینل کا دورہ کیا۔ ٹرمینل پر مو جود سہولتوں اور استعداد کا جائزہ لیا۔ نجی شعبے کو سپر ہائی وے پر بس ٹرمنل قائم کرنے کی اس لیے اجازت دی گئی تھی کہ شہر کے اندر غیر قانونی بس اڈوں کو ختم کرنے کی کوششوں میں مدد ملے ۔ شہر کے اندر بسوں کی وجہ سے ٹریفک سیفٹی کے مسائل ہیں۔ دورہ کے موقع پر نجی کمپنی کے نمائندے نے کمشنر کو سپر ہائی بس ٹرمینل کی کارکردگی ،سہولتوں اور اس کی توسیع کے منصوبہ کے بارے میں بریفنگ دی۔بتایا گیا کہ مسافروں کیلئے انتظار گاہیں اور فوڈ کورٹس میں توسیع اور ضروری سہولتوں کی فراہمی کا کام جاری ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں