حرمت والے مہینے میں امن وسکون قائم کیاجائے ،ثروت قادری

حرمت والے مہینے میں امن وسکون قائم کیاجائے ،ثروت قادری

کراچی(آن لائن)محرم الحرام کا مہینہ حرمت والے چار مہینوں میں سے ایک مہینہ ہے ۔تمام مسلمانوں کو چاہیے کہ ان حرمت والے مہینوں کا احترام کیا کریں۔

 جاری بیان میں مرکزی صدر سنی تحریک انجینئر محمد ثروت اعجاز قادری نے مزید کہا کہ حرمت والے مہینے اور خاص طور پر محرم الحرام میں قتل و غارت،جنگ و جدل اور لوٹ مار نہ کی جائے بلکہ امن و سکون قائم کیا جائے ۔ خود بھی امن سے رہیں اور دوسروں کوبھی امن سے رہنے کا موقع دیں۔ انہوں نے کہا کہ سیدنا امام حسینؓ حق کے علمبردار راہ شہادت کے مسافر تھے ۔شہادت وہ اعزاز ہے جسے پا کر مسلمان اپنے آپ کو سب سے زیادہ خوش نصیب سمجھتا ہے ۔ ثروت قادری کاکہنا تھا کہ اہلبیت نے رائے حق میں بہت تکلیفیں اٹھائی ہیں۔آپ ؐنے راہ حق کے مصائب و مشکلات برداشت کرنے کا اہلبیت کو سبق دیا ہے ۔اہلبیت ہی بجا طور پر اس بات کے مستحق تھے کہ وہ باطل کے مقابلے میں ڈٹ جائیں اور اسوہ محمدیؐ کو اپنے عمل سے زندہ و جاوید کر جائیں۔سیدنا امام حسین ؓ اور ان کے اہلبیت کے اس عظیم کارنامے پر انہیں خراج تحسین پیش کرنے کا سب سے بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہم ان کے اسوہ کو اپنائیں۔حق و باطل میں تمیز کر کے باطل سے ٹکراتے ہوئے حق کے لیے ڈٹ جائیں حتیٰ کہ جان کی بازی بھی لگانے سے دریغ نہ کریں۔فلسفہ شہادت امام حسینؓ دنیا کے لیے قیامت تک ایک مثال ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں